آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر نے لیویز سے ضم ہونیوالے رسالدار میجرز کو ایکٹنگ ڈی ایس پی کے عہدوں پر ترقی دیدی ، پروقار تقریب میں اعزازات سے نوازا گیا

کوئٹہ (قدرت روزنامہ)انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان محمد طاہر نے ایک غیر معمولی اقدام کرتے ہوئے لیویز فورس کے سابق رسالدار میجرز کو ایکٹنگ ڈی ایس پی کے عہدوں پر ترقی دے دی، جبکہ ان کی صوبے کے مختلف اضلاع میں تعیناتی کے احکامات بھی جاری کر دیے۔

لیویز فورس کے انضمام کے بعد یہ افسران اب باقاعدہ طور پر پولیس کا حصہ بن گئے ہیں۔ اس موقع پر آئی جی پولیس بلوچستان کی جانب سے سینٹرل پولیس آفس کوئٹہ میں ایک پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا، جہاں نئے پولیس افسران کو پرتپاک انداز میں خوش آمدید کہا گیا۔
تقریب میں قائم مقام ڈی آئی جی ہیڈکوارٹر ایاز بلوچ، اے آئی جی آپریشنز کیپٹن (ر) نوید عالم سمیت دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔ آئی جی پولیس محمد طاہر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لیویز سے پولیس میں شامل ہونے والے افسران ادارے کا قیمتی اثاثہ ہیں، انہیں بہتر سہولیات، مراعات اور پیشہ ورانہ ترقی کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔

انہوں نے اس موقع پر افسران کے مسائل بھی سنے اور ان کے فوری حل کے احکامات جاری کیے۔ سابق رسالدار میجرز نے ترقی اور عزت افزائی پر آئی جی پولیس کا شکریہ ادا کیا اور عزم کیا کہ وہ اپنی نئی ذمہ داریاں پوری ایمانداری اور جذبے کے ساتھ نبھائیں گے۔
