ہم سفیروں کو خط لکھیں گے، غیر نمائندہ حکومت کے معاہدے عوام قبول نہیں کریں گے،محمود خان اچکزئی


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)تحریکِ تحفظِ آئینِ پاکستان کے سربراہ پشتونخواہ ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین محمود خان اچکزئی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اعلان کیا ہے کہ تحریکِ تحفظِ آئینِ پاکستان آج باضابطہ طور پر شروع ہو گئی ہے آج بروزجمعے کو تمام شمولیتی جماعتیں ملک گیر احتجاجات کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ تحریک ہر جگہ نعرہ بازی کرے گی اور واضح کیا کہ وہ “ایسے دستور” کو قبول نہیں کرتے۔
اچکزئی نے بتایا کہ تحریک نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ تمام ممالک کے سفیروں کو خطوط لکھے گی، ان سے ملاقاتیں کرے گی اور انہیں بتائے گی کہ جو معاہدے اس غیر نمائندہ حکومت کے ساتھ کیے گئے ہیں، پاکستانی عوام انہیں قبول نہیں کریں گے۔
انہوں نے حکمرانوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عالمی طاقتیں اس خطے کے معدنی وسائل کے لیے خلل ڈالنا چاہتی ہیں اور معاملے میں ذمہ دار فریقوں کو سرزد ہونے والی مبینہ غفلت پر شدید اظہارِ ناراضی کیا۔اچکزئی کے بیان میں سخت الفاظ بھی شامل تھے جن میں انہوں نے حکومت کے خلاف سخت موقف اپناتے ہوئے خبردار کیا کہ عوامی ردعمل سے متعلق واضح پیغام دیا جائے گا۔ انہوں نے عوام سے تحریک میں شرکت کی اپیل کی اور کہا کہ آئینی تحفظ اور قومی مفاد کے لیے احتجاج جاری رہیں گے۔

WhatsApp
Get Alert