سپریم کورٹ کو غیرفعال کردیا گیا، جب جج کا تقرروتبادلہ ایگزیکٹو کرے گا تو وہ انصاف کیسے دیگا؟،اسد قیصر

موجودہ پارلیمان کے پاس عوامی مینڈیٹ نہیں ،ہم ان ترمیمات کو تسلیم نہیں کرتے ، ناجائز ترمیمات کے خلاف بھرپور عوامی مزاحمت کریں گے،شاہ محمود قریشی کی ثابت قدمی کو سلام ،انکی جلد اور مکمل صحت یابی کیلئے دعا گو ہوں،پی ٹی آئی رہنما کا بیان


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)پی ٹی آئی اسد قیصر نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کو غیرفعال کردیا گیا، جب جج کا تقرروتبادلہ ایگزیکٹو کریگا تو وہ انصاف کیسے دیگا؟ ، عدلیہ کو ایگزیکٹو کے ماتحت کرنے کا مشن 27 ویں ترمیم کے ذریعے مکمل کیا گیا۔ انہوں نے ایکس پر اپنے ایک بیان میں کہا کہ 26 ویں آئینی ترمیم کے ذریعے عدلیہ کو ایگزیکٹو کے ماتحت کرنے کا جو مشن شروع کیا گیا تھا، اسے 27 ویں آئینی ترمیم کے ذریعے مکمل کیا گیا۔سپریم کورٹ کو عملی طور پر غیر فعال کر دیا گیا ہے۔
جب ایک جج کا تقرر یا تبادلہ ایگزیکٹو کرے گا تو وہ انصاف کیسے فراہم کر سکے گا۔موجودہ پارلیمان کے پاس عوامی مینڈیٹ نہیں ہے، اس لیے ہم ان ترمیمات کو تسلیم نہیں کرتے۔ہم تحریک تحفظ آئین پاکستان کے پلیٹ فارم سے ان ناجائز ترمیمات کے خلاف بھرپور عوامی مزاحمت کریں گے اور آج اس موقع پر یہ عہد کرتے ہیں کہ ہم 1973 کے متفقہ آئین کو اس کی اصل حالت میں بحال کریں گے، جو واحد معاہدہ ہے جس نے وفاق اور تمام اکائیوں کو متحد رکھا ہوا ہے۔اسد قیصر نے شاہ محمود قریشی کی جلد اور مکمل صحت یابی کیلئے دعا کی اور کہا کہ اللہ تعالی انہیں شفاے کاملہ و عاجلہ عطا فرمائے اور اپنی حفظ و امان میں رکھے۔
شاہ محمود قریشی نے گزشتہ دو برس سے عمران خان کے نظریے کے ساتھ وفاداری اور ثابت قدمی کے باعث بے گناہ قید کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے جس جواں مردی، صبر، استقلال اور حوصلے کے ساتھ اس آزمائش کو برداشت کیا ہے، وہ اپنے اندر ایک مثال رکھتا ہے۔میں ان کی ثابت قدمی کو سلام پیش کرتا ہوں۔

WhatsApp
Get Alert