“بلوچستان کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے بیوروکریسی کو بیدار ہونا ہوگا—، میر رحمت صالح بلوچ”

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما و بلوچستان اسمبلی میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر میر رحمت صالح بلوچ نے سیکرٹریٹ آفیسرز ایسوسی ایشن کے انتخابات میں اسٹار پینل کی کامیابی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے نومنتخب صدر امیر حمزہ اور پوری کابینہ کو مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان اس وقت مہنگائی، بے روزگاری، پانی کی قلت، خستہ سڑکوں، صحت و تعلیم کی ناکافی سہولیات اور انتظامی کمزوریوں جیسے سنگین مسائل سے دوچار ہے، ایسے میں سرکاری اداروں میں فعال، ذمہ دار اور پیشہ ور قیادت کا انتخاب نہایت اہمیت رکھتا ہے کیونکہ صوبائی بحرانوں کے حل میں بیوروکریسی کا کردار بنیادی ہے۔ میر رحمت صالح بلوچ نے کہا کہ سیکرٹریٹ آفیسرز ایسوسی ایشن سرکاری فیصلوں، فائل ورک، عوامی شکایات کے حل اور ترقیاتی منصوبوں کے امور میں مرکزی حیثیت رکھتی ہے اور اسٹار پینل کی کامیابی سے یہ امید پیدا ہوئی ہے کہ سیکرٹریٹ میں موجود بدانتظامی، تاخیر اور غیر ضروری رکاوٹوں میں کمی آئے گی، جس کے براہ راست اثرات عوامی مسائل کے حل پر پڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام طویل محرومیوں کا سامنا کر رہے ہیں لہٰذا ضروری ہے کہ افسران اپنی ذمہ داریاں ایمانداری سے انجام دیں، شفافیت اور جوابدہی کو یقینی بنائیں اور عوام دوست طرز حکمرانی کو فروغ دیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ امیر حمزہ اور ان کی ٹیم افسران کی فلاح و بہبود، انتظامی مشینری کے مؤثر استعمال، فائلوں کی بروقت کارروائی، سروس ڈلیوری میں بہتری اور عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے عملی اقدامات کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیکرٹریٹ کی مضبوطی دراصل بلوچستان کی مضبوطی ہے اور توقع ہے کہ نئی قیادت اپنی دیانت داری اور تجربے سے صوبے میں مثبت تبدیلی کی بنیاد رکھے گی۔
