“سیاسی قیادت نے مایوسی کے سوا کچھ نہیں دیا، کوئٹہ کے عوام تبدیلی کے لیے تیار ہوچکے ہیں”صادق خان اچکزئی

کوئٹہ (ڈیلی قدرت) مظلوم عوامی تحریک پاکستان کے مرکزی چیئرمین صادق خان اچکزئی نے دعویٰ کیا ہے کہ بلوچستان کے عوام صوبے میں سیاسی تبدیلی کے لیے تیار ہو چکے ہیں، کیونکہ روایتی سیاسی جماعتوں اور قیادت نے عوام کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں دیا۔ انہوں نے یہ خیالات کوئٹہ پریس کلب میں بارہ آزاد کونسلروں اور مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں و کارکنوں کی مظلوم عوامی تحریک پاکستان میں شمولیت اختیار کرنے کی گرینڈ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیے۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ صوبائی دارالحکومت ہونے کے باوجود کھنڈرات کا نقشہ پیش کر رہا ہے اور امن، گیس، بجلی، اور روزگار جیسے بنیادی مسائل سے گھرا ہوا ہے، لیکن کسی بھی سیاسی جماعت یا منتخب نمائندے کو ان مسائل کی کوئی پرواہ نہیں۔ صادق خان اچکزئی نے کہا کہ کوئٹہ کے عوام نے تبدیلی کے لیے انہیں آواز دی ہے، اور ان شاء اللہ وہ بلدیاتی انتخابات میں سرپرائز دیں گے۔ مرکزی صدر عباس خان درانی نے شامل ہونے والوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ لیڈرشپ کے قول و فعل میں تضاد نے عوام کو مایوس کیا ہے، اور اس مایوسی کے اندھیرے میں مظلوم عوامی تحریک پاکستان عوام کے لیے ایک روشنی اور امید کی کرن ہے۔
