مجھے انسانی خدمت کے بدلے بھائی کی لاش کا تحفہ دیا گیا، شہدا کا مشن جاری رکھیں گے، میر رحمت صالح بلوچ


پنجگور (ڈیلی قدرت) نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما اور رکن صوبائی اسمبلی ڈپٹی پارلیمانی لیڈر میر رحمت صالح بلوچ نے پنجگور پریس کلب کے صدر حضور بخش قادر اور سینئر صحافی خالد جمیل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہید ولید صالح بلوچ کے چہلم کے سلسلے میں 29 نومبر صبح دس بجے ایک تعزیعتی ریفرنس منعقد کیا جائے گا جس میں تمام سیاسی جماعتوں، علما کرام، اسٹوڈنٹس، وکلا، سماجی شخصیات، سول سوسائٹی اور انجمن تاجران سمیت تمام مکاتب فکر کو شرکت کی دعوت دی جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ شہید ولید صالح بلوچ نہ صرف میرے بھائی تھے بلکہ میرا سیاسی بازو بھی تھے، مگر افسوس ہے کہ یہاں انسانی خدمت کے بدلے لاشوں کے تحفے دیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چہلم کے موقع پر منعقدہ ریفرنس میں ہر فرد اپنے خیالات کا اظہار کرے گا، جبکہ مقصد ان تمام دوستوں کا شکریہ ادا کرنا ہے جنہوں نے شہادت کے بعد بھرپور ساتھ دیا۔میر رحمت صالح بلوچ نے کہا کہ ملک کے اندر اور باہر سے اظہارِ یکجہتی کرنے والے تمام افراد کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی ماحول کو محدود کرنے کے لئے سیاسی کارکنوں کو شہید کیا جا رہا ہے، لیکن نیشنل پارٹی شہدا کے مشن کو جاری رکھے گی۔دریں اثنا نیشنل پارٹی کے ضلعی صدر حاجی محمد ایوب بلوچ نے کہا کہ شہید ولید بلوچ کے چہلم کے موقع پر 29 نومبر کو چتکان میں حاجی صالح محمد بلوچ کی رہائش گاہ پر ایک عظیم الشان تعزیعتی ریفرنس منعقد ہوگا۔ اس میں نیشنل پارٹی کے مرکزی، صوبائی اور ضلعی رہنما شرکت کریں گے۔انہوں نے ضلع بھر کی تمام سیاسی، سماجی، مذہبی جماعتوں، انجمن تاجران، جمعیت علما اسلام، بی این پی مینگل، پیپلز پارٹی، مسلم لیگ، بی این پی عوامی، تحریک انصاف، جماعت اسلامی، حق دو تحریک، بارڈر یونین، اساتذہ تنظیموں اور مزدور یونین سے شرکت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ یہ اجتماع قاتلوں کو یہ پیغام دے گا کہ پنجگور کے عوام متحد اور یکجا ہیں اور کسی منفی سازش سے مرعوب نہیں ہوں گے۔

WhatsApp
Get Alert