وفاق اور بلوچستان کے درمیان تعاون مضبوط بنانے کا عزم، بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنمائوں کی ایاز صادق سے ملاقات


کوئٹہ ( ڈیلی قدرت ) بلوچستان عوامی پارٹی کے اعلی سطحی وفد نے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ملاقات کی، جس میں وفاق اور بلوچستان کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے، صوبے کی سیاسی و انتظامی صورتحال اور عوامی مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وفد کی قیادت بی اے پی کے مرکزی صدر و وفاقی وزیر نوابزادہ خالد خان مگسی نے کی، جبکہ سابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، مرکزی سیکرٹری اطلاعات و سابق صوبائی وزیر داخلہ میر ضیا اللہ لانگو، سینیٹر عبدالقادر، مرکزی نائب صدر و سابق سینیٹر نصیب اللہ بازئی، مرکزی صدر اقلیتی ونگ سینیٹر دھنیش کمار، جنرل سیکرٹری بلوچستان مٹھا خان کاکڑ سمیت دیگر رہنما بھی وفد میں شامل تھے۔بی اے پی کے وفد نے بلوچستان میں امن و امان کے قیام کے لیے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی خدمات کو سراہا اور قومی اسمبلی کی کارروائی کو خوش اسلوبی سے چلانے پر اسپیکر سردار ایاز صادق کے کردار کی تعریف کی۔اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ بلوچستان ہمارے دل کے قریب ہے اور صوبے کے مسائل موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی ترقی بلوچستان کی ترقی سے جڑی ہے اور حکومت صوبے کی عوامی فلاح و ترقی کو قومی ترجیحات میں نمایاں مقام دیتی ہے۔

WhatsApp
Get Alert