کوئٹہ: ہزارہ ٹاؤن میں غیر قانونی انعامی اسکیموں سے بچوں کا مستقبل داؤ پر لگ گیا، فوری نوٹس لیا جائے: جلیلہ حیدر ایڈوکیٹ

کوئٹہ ( ڈیلی قدرت )انسانی حقوق کی معروف کارکن جلیلہ حیدر ایڈوکیٹ نے کوئٹہ کے ہزارہ ٹاون میں جاری غیر قانونی قرعہ اندازی اور انعامی اسکیموں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔جلیلہ حیدر کے مطابق یہ سرگرمیاں کم عمر بچوں اور نوجوانوں کو شارٹ کٹ کے ذریعے پیسہ کمانے کی طرف راغب کر رہی ہیں، اور بظاہر قرعہ اندازی کا سلسلہ دکھایا جاتا ہے، مگر حقیقت میں یہ ایک منظم جوا نما اور غیر قانونی سرگرمی ہے۔ کچھ گروہ فی کس دو ہزار روپے وصول کر کے موٹر بائیکس، موبائل فونز اور سونے کے سیٹ تک کے انعامات کا لالچ دے رہے ہیں۔ان اسکیموں کے سب سے بڑے شکار کم عمر بچے اور نو عمر لڑکے ہیں جو والدین سے پیسے لے کر حصہ لیتے ہیں، جس کے باعث گھروں میں مالی، ذہنی اور گھریلو مسائل بڑھ رہے ہیں۔ محترمہ حیدر نے بتایا کہ یہ سرگرمیاں بچوں اور نوجوانوں میں محنت اور تعلیم کی بجائے راتوں رات امیر بننے کا رجحان پیدا کر رہی ہیں، اور مسلسل ناکامی کی صورت میں مایوسی، غصہ اور تشدد کے رجحانات بڑھ سکتے ہیں، جو علاقے کے امن و سکون پر براہِ راست اثر ڈالیں گے۔ جلیلہ حیدر نے حکام سے مدبانہ درخواست کی ہے کہ فوری نوٹس لیتے ہوئے یہ گروہ بند کیے جائیں، مراکز اور سرگرمیوں کی مکمل جانچ پڑتال کی جائے، اور پولیس کی سطح پر والدین اور بچوں کے لیے آگاہی مہم چلائی جائے تاکہ کمیونٹی پولیسنگ کے ذریعے علاقے میں اس رجحان کا خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔
