پنجگور میں بینکوں پر حملے، سی ٹی ڈی اور پولیس نے بڑا نقصان ہونے سے بچا لیا، شہید کانسٹیبل درا خان کی قربانی کو سلام: وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی

کوئٹہ ( ڈیلی قدرت ) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے پنجگور میں بینکوں اور املاک پر ہونے والے مسلح حملوں کے واقعات پر سی ٹی ڈی اور پولیس کے بروقت، پیشہ ورانہ اور جرات مندانہ رسپانس کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کی فوری اور مؤثر کارروائی نے ممکنہ طور پر دیگر بڑے جانی و مالی نقصان کو روک لیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سی ٹی ڈی اور پولیس کے جوانوں نے غیر معمولی بہادری، جانفشانی اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جو پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔
انہوں نے کارروائی کے دوران شہید ہونے والے سی ٹی ڈی کانسٹیبل درا خان کی بے مثال جرات، فرض شناسی اور عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید نے جان کی پرواہ کیے بغیر فرائض کی انجام دہی کرتے ہوئے وطن اور عوام کے تحفظ کے لیے اپنی جان نچھاور کی جس پر پوری قوم انہیں خراج عقیدت پیش کرتی ہے، ایسے بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا اور قوم ان کے خون کی مقروض ہے۔ میر سرفراز بگٹی نے واقعے میں شہید ہونے والے شہری دکاندار پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔ وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ بلوچستان میں دہشت گردی، ڈکیتی اور جرائم پیشہ عناصر کے لیے کوئی جگہ نہیں، ریاست پوری قوت، عزم اور یکسوئی کے ساتھ ملک دشمن اور قانون شکن عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے گی۔
