طاقتور طبقات مسائل کے ذمہ دار، عوام کو بھتہ خوری اور تذلیل سے نجات دلانا ہوگی: مولانا ہدایت الرحمان

گوادر ( ڈیلی قدرت ) امیر جماعت اسلامی بلوچستان اور رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے کہا ہے کہ حکمرانوں کو بارڈر بندش، ساحلی علاقوں میں ٹرالر مافیا، لاپتہ افراد کی بازیابی، چیک پوسٹوں پر عوام کی تذلیل اور بھتہ خوری جیسے مسائل کا فوری حل نکالنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے طاقتور طبقات اہلِ بلوچستان کے مسائل کے ذمہ دار ہیں جبکہ عوام کو حقوق، روزگار، تجارت اور کاروبار کے جائز مواقع میسر نہیں۔گوادر میں مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے مولانا ہدایت الرحمان نے کہا کہ کرپشن، کمیشن اور نااہل حکمرانی بلوچستان کے بڑے مسائل ہیں، تاہم جماعت اسلامی کی حق دو بلوچستان تحریک عوامی حقوق کے حصول کے لیے مسلسل جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوادر کی ترقی کے لیے چیئرمین بلدیہ ماجد جوہر کے ساتھ مل کر عوامی مسائل حل کیے جا رہے ہیں اور ووٹرز کی مشاورت سے مجموعی ترقی اور فلاح کے لیے مثر جدوجہد جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلسل مشاورت اور سنجیدہ کاوشوں کے باعث آج گوادر میں ترقیاتی کام واضح طور پر نظر آ رہے ہیں، وہ منصوبے جو برسوں تعطل کا شکار رہے اب معیار کو برقرار رکھتے ہوئے تیزی سے مکمل ہو رہے ہیں، جس کا براہِ راست فائدہ عوام کو پہنچ رہا ہے۔ مولانا ہدایت الرحمان نے کہا کہ ایم پی اے گوادر، چیئرمین بلدیہ اور کونسلرز کی قیادت میں گوادر کی تعمیر و ترقی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے جدوجہد آئندہ بھی پوری قوت سے جاری رہے گی۔
