وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی کی معروف اینکر پرسن اور سینئر صحافی راجہ مطلوب طاہر کی نمازِ جنازہ میں شرکت

کوئٹہ (قدرت روزنامہ) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے پیر کے روز معروف اینکر پرسن اور سینئر صحافی راجہ مطلوب طاہر کی نمازِ جنازہ میں شرکت کی اور مرحوم کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا۔ وزیر اعلیٰ نے مرحوم کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان نے راجہ مطلوب طاہر کی صحافتی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم ایک بااصول، نڈر اور اعلیٰ پیشہ ورانہ اقدار کے حامل صحافی تھے، جبکہ ذاتی طور پر وہ ہمارے نہایت قریبی اور اچھے دوست بھی تھے۔ انہوں نے کہا کہ راجہ مطلوب طاہر نے اپنی پوری زندگی ذمہ دار اور سچ پر مبنی صحافت کے لیے وقف کیے رکھی، اور یہ ان کی پیشہ ورانہ کمٹمنٹ کا واضح ثبوت ہے کہ وہ اپنی زندگی کے آخری روز تک بلوچستان میں پیشہ ورانہ صحافتی خدمات سرانجام دیتے رہے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ مرحوم نے ہمیشہ عوامی مسائل کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا اور حقائق کو جرات و دیانت کے ساتھ پیش کیا۔ ان کی وفات سے نہ صرف صحافتی برادری بلکہ ذاتی طور پر مجھے بھی ایک مخلص دوست کی جدائی کا گہرا صدمہ پہنچا ہے، جس کا ازالہ ممکن نہیں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ آزاد، ذمہ دار اور اصولی صحافت کسی بھی جمہوری معاشرے کی بنیاد ہوتی ہے، اور راجہ مطلوب طاہر مرحوم اس روایت کے مضبوط امین تھے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگوار خاندان، اہلِ خانہ اور صحافتی برادری کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ دے نمازِ جنازہ میں ممتاز اینکر پرسن سلیم صافی ، وسیم بادمی ، یاسر شامی سمیت صحافیوں سیاسی و سماجی شخصیات، معززینِ علاقہ اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
