کوئٹہ کے شہری زر اور زور کی سیاست مسترد کر چکے ہیں، ایچ ڈی پی کی کامیابی یقینی ہے: عبدالخالق ہزارہ

کوئٹہ ( ڈیلی قدرت )ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی (ایچ ڈی پی) کے قائدین نے کہا ہے کہ عام انتخابات میں ہزارہ قوم کے نمائندگی کے حقوق زر اور زور کی بنیاد پر چھیننے والوں کو یہ خوش فہمی تھی کہ وہ عوام کو اپنی حقیقی جمہوری جماعتوں سے بد ظن کر کے سیاسی عمل کا خاتمہ کر دیں گے۔ تاہم، آنے والے بلدیاتی انتخابات میں عوامی اعتماد اور ہزارہ قوم و کوئٹہ کے شہریوں کی حمایت نے فارم 47 کے مسلط کردہ جعلی نمائندوں کی نیندیں حرام کر دی ہیں۔پارٹی کے قائدین چئیرمین عبدالخالق ہزارہ، نائب چئیرمین اول مرزا حسین ہزارہ، نائب چئیرمین عزیزاللہ ہزارہ، جنرل سکریٹری احمد علی کوہزاد، ڈپٹی سکریٹری محمد رضا ہزارہ، سکریٹری اطلاعات قادر علی نائل، آرگنائزنگ سکریٹری غلام رضا، سکریٹری مالیات یونس چنگیزی سمیت دیگر نامزد امیدواران اور علاقہ معززین نے کارنر میٹنگز اور انتخابی دفاتر کے افتتاح کے موقع پر کہا کہ ایچ ڈی پی 19 یونین کونسلوں کے 60 وارڈز سے انتخابات لڑ رہی ہے، جس میں کوئٹہ کی تمام اقوام سے تعلق رکھنے والے پارٹی ٹکٹ ہولڈرز شامل ہیں۔پارٹی رہنماں نے مزید کہا کہ سابقہ دور کی بے مثال کارکردگی، امن و محبت اور بھائی چارہ کے سلوگن کے ساتھ ایچ ڈی پی کوئٹہ کے شہریوں کا بھرپور اعتماد حاصل کر رہی ہے۔ انہوں نے دعوی کیا کہ اب پارٹی میں وہ صلاحیت اور بلدیاتی قوت موجود ہے جس کی بدولت ایچ ڈی پی زرغون اور چلتن ٹان کی چئیرمین شپ اور کوئٹہ کی مئیر شپ حاصل کرنے کی دوڑ میں صف اول میں ہوگی۔ اس سلسلے میں ہم خیال سیاسی جماعتوں سے رابطے کا عمل بھی جاری رکھا جائے گا۔
