سقوط ڈھاکہ یاد دلاتا ہے کہ انصاف کو نظر انداز کرنے کی بھاری قیمت چکانی پڑتی ہے: ثناء بلوچ


کوئٹہ ( ڈیلی قدرت )بلوچستان نیشنل پارٹی کے سابق سینیٹر ثنا بلوچ نے جی رابطے کے ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ 16 دسمبر، سقوطِ ڈھاکہ، محض ایک تاریخی دن نہیں بلکہ ایک دل دہلا دینے والی یاد دہانی ہے کہ انصاف اور برابری کو نظرانداز کرنے کی کتنی بھاری قیمت ادا کرنی پڑتی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمیں سکھاتا ہے کہ جب طاقت کا ناجائز استعمال ہو، عوامی آوازیں دبائی جائیں اور جائز مطالبات مسلسل نظرانداز کیے جائیں، تو کوئی بھی قوم اپنے وجود کو یکجا نہیں رکھ سکتی، چاہے بظاہر کتنی ہی مضبوط کیوں نہ ہو۔ثنا بلوچ نے مزید کہا کہ آج یہ سبق بلوچستان کے لیے بھی نہایت اہم ہے، جہاں دہائیوں سے محرومی، عدم مساوات اور احساسِ بیگانگی نے عوام کے اعتماد کو مجروح کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پائیدار اتحاد طاقت یا خاموشی سے نہیں بلکہ انصاف، شمولیت، سیاسی احترام اور برابر کے مواقع سے قائم ہوتا ہے۔ تاریخ ہمیں خبردار کرتی ہے کہ مسائل کو دبانے کے بجائے ان کا منصفانہ حل ہی ریاست اور قوم دونوں کے مفاد میں ہے۔

WhatsApp
Get Alert