کوئٹہ: ایس بی کے یونیورسٹی ٹیچرز بھرتی اسکینڈل ، فیل ہونے والے امیدواروں کو ٹاپ پوزیشن دینے کا انکشاف، اربوں روپے کا کھیل بے نقاب

8 ہزار آسامیوں کیلئے 2 لاکھ امیدواروں سے اربوں روپے بٹورے گئے، 600 امتحانی شیٹس نے بھانڈا پھوڑ دیا، تحقیقات نئے مرحلے میں داخل


کوئٹہ(قدرت روزنامہ) سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی (SBK) کوئٹہ میں اساتذہ کی بھرتیوں کا میگا اسکینڈل ایک نئے اور سنگین مرحلے میں داخل ہو گیا ہے، جس نے بلوچستان کے تعلیمی نظام اور میرٹ کی دھجیاں اڑا دی ہیں۔ نئے شواہد کے مطابق یونیورسٹی میں 8 ہزار آسامیوں کے لیے 2 لاکھ امیدواروں نے امتحان دیا اور ہر امیدوار سے ایک ہزار روپے فیس کی مد میں وصول کرکے اربوں روپے جمع کیے گئے، مگر نتائج میں فیل ہونے والے امیدواروں کو ٹاپ پوزیشن دے کر میرٹ کا سرعام قتل عام کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق بلوچستان بھر سے 600 امیدواروں کی امتحانی شیٹس سامنے آئی ہیں جو اس دھاندلی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ ان شیٹس سے واضح ہوتا ہے کہ کس طرح فیل ہونے والے اور کم نمبر لینے والے امیدواروں کو پاس ظاہر کرکے میرٹ لسٹ میں اوپر رکھا گیا، جس سے ہزاروں اہل اور مستحق امیدواروں کا مستقبل تاریک کر دیا گیا ہے۔
سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ اس گھناؤنے کھیل میں پورا ایک نیٹ ورک ملوث تھا، تاہم اسکینڈل سامنے آنے پر صرف یونیورسٹی کی وائس چانسلر کو ہٹایا گیا جبکہ اصل مرکزی کردار تاحال قانون کی گرفت سے باہر ہیں۔ دو سال بعد اس کیس میں نئے دستاویزی شواہد سامنے آنے کے بعد تحقیقات کا دائرہ کار وسیع ہو گیا ہے۔ امیدواروں اور والدین نے مطالبہ کیا ہے کہ صرف دکھاوے کی کارروائی کے بجائے شفاف انکوائری کی جائے اور اس اسکینڈل میں ملوث تمام کرداروں کو بے نقاب کر کے سخت سزا دی جائے تاکہ بلوچستان حکومت کے شفافیت کے دعوؤں کی لاج رکھی جا سکے۔

WhatsApp
Get Alert