الیکشن کمیشن میٹروپولیٹن کارپوریشن میں بھرتیوں کانوٹس لیں، پشتونخوامیپ
ایڈمنسٹریٹر کی جانب سے ملازمین کی بھرتیوں کا عمل غیر قانونی ہے، عدالت عالیہ سے نوٹس کی اپیل

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)پشتونخواملی عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ کے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ایڈمنسٹریٹر کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کی جانب سے ادار ے میں مختلف چھوٹی بڑی آسامیوں پر تعیناتی کا عمل جاری کیا گیا ہے جس کا نوٹس لینا نہ صرف الیکشن کمیشن کی ذمہ داریوں میں شامل ہیں۔ پارٹی کی جانب سے پہلے بھی اس کی نشاندہی کی گئی لیکن بدقسمتی سے الیکشن کمیشن کی جانب سے اب تک کوئی نوٹس نہیں لیا گیا اور میٹروپولیٹن کی انتظامیہ جس تیزی کے ساتھ انٹرویوز کے مرحلے میں تکمیل کی جانب بڑھ رہی ہے یہ عمل شکوک وشہبات پید ا کرتے ہیں بلکہ خدشہ یہ ہے کہ حق دار بیروزگاروں کی حق تلی ہوگی اور کرپشن،کمیشن، سفارش، اقرباء پروری کی بنیادپر صرف تعیناتیاں عمل میں لاکر ادارے کو مزید تباہی سے دوچار کیا جائے گا۔ کیونکہ پہلے ہی ادارہ اپنے ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی سے قاصرہے اور ملازمین ہر ماہ تنخواہوں کے حصول کے لیے احتجاج پر مجبور ہیں۔اور سینکڑوں ڈیلی ویجز ملازمین کو فنڈز نہ ہونے کے باعث پہلے ہی برطرف کرکے سینکڑوں گھروں کو چولہے بھجا دیئے گئے۔ اب اگر نئی عارضی یا مستقل بنیادوں پر نئی تعیناتیاں عمل میں لائی جاتی ہے اور اشتہار کے مطابق ایک سال کے عرصہ کے بعد دوبارہ ان ملازمین کو برطرف کیا جاسکتا ہے یا پھر مستقل۔ اس طرح ایک بار پھر درجنوں ملازمین اور ان کے خاندان کو مشکلات سے دوچار کیا جاسکتا ہے۔ اس لیئے ضروری ہے کہ اان تعیناتیوں کو فوری طور پر روک دیا جائے اور عوام کے منتخب حقیقی نمائندوں کی کامیابی اور بلدیاتی انتخابات کے بعد پہلے پہل ادارہ کو بحال وفعال بناکر اسے اس نہج تک پہنچایا جاسکے کہ ملازمین کو ہر ماہ وقت پر اپنی تنخواہیں دی جائے اور ضرورت پر مزید بھرتیوں کا عمل شفافیت کے ساتھ یقینی بنایا جائے۔ بیان میں عدالت عالیہ سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کے زیر انتظام تعیناتیوں کے عمل کو فوری روکنے اور الیکشن کمیشن کواپنی ذمہ داریاں نبھانے کی جانب توجہ دلائیں۔
