حکومت کے ساتھ مذاکرات کامیاب ’10روز سے جاری گڈز ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال ختم
وفاق پنجاب اور سندھ حکومت کی کمیٹیاں یقین دہانی کروا رہے تھے کہ سارے مطالبے تسلیم کرنے کو تیار ہیں' ملک شہزاد اعوان

کراچی(قدرت نیوز)گڈز ٹرانسپورٹرز اور حکومت کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں جس کے بعد 10 روز سے جاری ہڑتال کو فوری ختم کرنے کا اعلان کردیا گیا ہے۔گڈز ٹرانسپورز ایسوسی ایشن کے ترجمان کے مطابق حکومت نے بیشتر مطالبات تسلیم کرلیے جس کے بعد ہڑتال کو فوری طور پر ختم کرنے کا اعلان کردیا گیا ہے اور رات سے ہی گاڑیاں چلائی جائیں گی۔گڈز ٹرانسپورٹرز نے حکومت سے ایکٹ میں ترمیم، ڈرائیورز اور مالکان کے خلاف ایف آئی آر، جرمانے واپس لینے کے ساتھ پورٹس پر ایک ہزار کنٹرینر کی جگہ فراہم کرنے اور پاک افغان سرحد پر پھنسی گاڑیاں نکالنے کا مطالبہ کیا تھا۔اس کے علاوہ گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن نے ایل ٹی وی اور ایچ ٹی وی ڈرائیونگ لائسنس کیلیے ہائی ویز، موٹرویز پر موبائل یونٹس موٹروے پر لگانے کا مطالبہ بھی کیا تھا۔گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے صدر ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ آج بھی وفاق پنجاب اور سندھ حکومت کی کمیٹیاں یقین دہانی کروا رہے تھے کہ سارے مطالبے تسلیم کرنے کو تیار ہیں۔انہوں نے بتایا کہ حکومت اور ایسوسی ایشن کے درمیان ایک ڈرافٹ پر دستخط ہوئے جس کا کچھ دیر میں نوٹی فکیشن جاری کردیا جائے گا، معاہدے پر تمام ٹرانسپورٹرز نے دستخط کیے ہیں۔ملک شہزاد اعوان نے ساتھ دینے پر گڈز ٹرانسپورٹرز اور دیگر کا شکریہ بھی ادا کیا۔وزیرِ ٹرانسپورٹ پنجاب بلال اکبر نے کہا ہے کہ ٹرانسپورٹرز پر جرمانے زیادہ ہیں، ایف آئی آرز ہو رہی تھیں، انہیں ختم کروا دیا ہے۔بلال اکبر کراچی میں ماڑی پور ٹرک اڈے پہنچے اور پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کے صدر اور دیگر عہدے داروں سے ملاقات کی،انہوں نے کہا کہ خوشی کی بات ہے کہ ٹرانسپورٹ برادری نے پْرامن ہڑتال کی، اس دوران کوئی توڑ پھوڑ نہیں ہوئی، جس پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔وزیرِ ٹرانسپورٹ پنجاب نے کہا کہ ڈرائیورز کے لیے ریسٹ ایریاز بنائیں گے، جو کراچی سے فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کرے گا، اسے پنجاب میں تسلیم کیا جائے گا، یہ سرٹیفکیٹ 6 ماہ کے لیے کار آمد رہے گا۔بلال اکبر نے کہا کہ گاڑی کی خرابی کی صورت میں جرمانہ ہو گا، آپ کو بتا دوں کہ وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہہ دیا ہے کہ ہر شہر میں ٹرک اسٹینڈ بنائیں۔انہوں نے کہا کہ لائسنس ملنے میں تاخیر ہوتی ہے، لائسنس ملنا مشکل ہے، جسے گاڑی چلانا آئے گی، اسے ہیوی ٹرانسپورٹ وہیکل لائسنس ملے گا۔علاوہ ازیں ٹرانسپورٹرز اور سندھ حکومت (یا متعلقہ حکام) کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوئے، جس کے بعد ہڑتال ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا، میئر کراچی نے ٹرانسپورٹروں کے مطالبات سنے اور یقین دلایا کہ ان کے مسائل حل کیے جائیں گے، ہڑتال ختم ہونے سے شہر میں ٹرانسپورٹ کی صورتحال بہتر ہونے کی امید ہے اور معمولات زندگی بحال ہو سکیں گے۔
