بھٹکے ہوئے لوگ واپس آجائیں تو ریاست کا دل بڑا ہے، ورنہ انجام جہنم ہوگا: سرفراز بگٹی کی دہشت گردوں کو تنبیہ

ریاست تھکنے والی نہیں، بندوق کے زور پر نظریہ مسلط نہیں کرنے دیں گے: وزیر اعلیٰ بلوچستان کا دو ٹوک اعلان


بلوچستان کے تمام ‘بی ایریاز’ کو ‘اے ایریاز’ میں تبدیل کرنے کا تاریخی فیصلہ کر لیا، اب پورے صوبے میں پولیس کا دائرہ کار ہوگا”
دہشت گرد اکیڈمیز اور یونیورسٹیاں بند کروانا چاہتے تھے، آج وہاں انرولمنٹ ڈبل ہو چکی ہے: پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب
پولیس کے لیے 80 فیملی کوارٹرز، گراؤنڈ کی اپ گریڈیشن اور سیوریج کے مسائل حل کرنے کا اعلان
کوئٹہ(قدرت روزنامہ)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے پولیس ٹریننگ کالج کوئٹہ میں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے دہشت گردوں کو سخت ترین پیغام دیا ہے کہ بندوق کے زور پر نظریہ مسلط کرنے کی کوششیں کبھی کامیاب نہیں ہوں گی اور ریاست تھکنے والی نہیں ہے۔
انہوں نے اس موقع پر ایک تاریخی اور فیصلہ کن پالیسی بیان جاری کرتے ہوئے اعلان کیا کہ بلوچستان کے تمام ’بی ایریاز‘ (لیویز کنٹرولڈ) کو پولیس کے زیرِ انتظام ’اے ایریاز‘ میں تبدیل کیا جا رہا ہے جس کے بعد اب پورے صوبے میں امن و امان کی ذمہ داری پولیس پر ہوگی جو کہ ایک مشکل مگر ناگزیر فیصلہ ہے۔

وزیر اعلیٰ نے انتہائی جذباتی انداز میں پی ٹی سی کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ دشمن تعلیمی ادارے اور ٹریننگ سینٹرز ویران کرنا چاہتا تھا مگر آج وہاں سرگرمیاں پہلے سے زیادہ ہیں، انہوں نے پہاڑوں پر موجود بھٹکے ہوئے لوگوں کو پیشکش کی کہ اگر وہ آئینِ پاکستان کے دائرے میں واپس آجائیں تو ریاست کا دل بڑا ہے ورنہ مزاحمت کرنے والوں کا انجام جہنم ہوگا۔
اپنے خطاب کے آخر میں انہوں نے پاس آؤٹ ہونے والے جوانوں کو تلقین کی کہ وہ وردی کی لاج رکھتے ہوئے خود کو کرپشن سے پاک رکھیں اور عوام کی خدمت کریں، اس موقع پر انہوں نے پی ٹی سی کے لیے خصوصی بجلی فیڈر، گراؤنڈ کی تعمیرِ نو اور فیملی کوارٹرز کی تعداد 60 سے بڑھا کر 80 کرنے کا اعلان بھی کیا۔

WhatsApp
Get Alert