حکومت اور اپوزیشن میں بالواسطہ رابطہ، محمود خان اچکزئی کو اہم حکومتی وزیر کا پیغام موصول

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)حکومت اور اپوزیشن کے درمیان جاری سیاسی ڈیڈ لاک میں برف پگھلنے لگی ہے۔ ذرائع کے مطابق حکومت اور اپوزیشن رہنماؤں کے درمیان مذاکرات کے لیے “ان ڈائریکٹ” (بالواسطہ) رابطہ ہوا ہے۔ اے آر وائی نیوز کے نمائندے نعیم اشرف بٹ کی رپورٹ کے مطابق، سیاسی امور کے ماہر سمجھے جانے والے ایک اہم وفاقی وزیر کا پیغام “مشترکہ دوست” کے ذریعے اپوزیشن الائنس (تحریک تحفظ آئین) کے سربراہ محمود خان اچکزئی کو پہنچایا گیا ہے۔
پیغام میں کہا گیا ہے کہ حکومت اس وقت اپنے اتحادیوں، بشمول پیپلز پارٹی اور دیگر جماعتوں کے ساتھ مشاورت کر رہی ہے۔ مشاورت مکمل ہوتے ہی محمود خان اچکزئی سے باقاعدہ مذاکرات کے لیے رابطہ کیا جائے گا۔
مذاکرات کی فضا ہموار کرنے کے لیے پہلا بڑا “اعتماد سازی کا اقدام” (CBM) سامنے آگیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ اسپیکر قومی اسمبلی کے آفس نے محمود خان اچکزئی سے رابطہ کیا ہے اور ان سے اپوزیشن لیڈر کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کے لیے ضروری دستاویزات طلب کی ہیں۔
اس سے قبل یہ عمل رکا ہوا تھا، لیکن اب محمود خان اچکزئی کی جانب سے آج ہی مطلوبہ دستاویزات اسپیکر آفس کو فراہم کر دیے جانے کا امکان ہے۔ اپوزیشن ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومتی رویے اور اسپیکر آفس کی جانب سے رابطے سے لگتا ہے کہ حکومت مذاکرات میں سنجیدہ ہے۔ اپوزیشن لیڈر کا متوقع نوٹیفکیشن اور مشاورتی عمل اس سنجیدگی کی عکاسی کرتا ہے، جس کے بعد اپوزیشن باقاعدہ رابطے کی منتظر ہے۔
