پاکستانی شہری سے پسند کی شادی کرنیوالی بھارتی خاتون کو بھارت روانہ کیوں نہ کیا جا سکا ؟ وجہ سامنے آ گئی

لاہور(قدرت روزنامہ)پاکستانی شہری سے پسند کی شادی کرنیوالی بھارتی خاتون کو بھارت روانہ کیوں نہ کیا جا سکا ؟ وجہ سامنے آ گئی
تفصیلات کے مطابق پاکستانی شہری سے پسند کی شادی کرنیوالی بھارتی خاتون سربجیت کور کو بھارت واپس بھیجنے کیلئے واہگہ بارڈرپہنچایا گیا تاہم سفری کاغذات میں تکنیکی مسائل کی وجہ سے آج بھارت روانہ نہیں کیا جا سکا۔48 سالہ سربجیت سنگھ کور 4 نومبر کو بھارت سےسکھ یاتریوں کے ہمراہ پاکستان آئی تھی،اس نے مبینہ طور پر اسلام قبول کر کے شیخوپورہ کے رہائشی ناصر حسین سے پسند کی شادی کر لی تھی۔
سربجیت کور کو واہگہ بارڈر پرپریڈ کے بعد واپس بھارت روانہ کیا جانا تھا، تاہم سفری کاغذات میں کچھ تکنیکی مسائل کے باعث اس کی واپسی ممکن نہ ہو سکی، امکان ہےکہ سربجیت کور کو اب6 جنوری کو واہگہ بارڈر کے راستے بھارت روانہ کیا جائے گا۔ بھارتی خاتون سربجیت کور کو دارالامان پہنچا دیا گیا، سربجیت کور کو بھارتی حکام کے حوالے کرنے سے متعلق تاحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہو سکا۔
سربجیت کور کے وکیل احمد حسن پاشا نےبتایا ہےکہ فارنرز ایکٹ 1946 کے تحت سربجیت کور فی الحال پاکستان میں قیام کی مجاز نہیں تھی، اسی لیے اسے واپس بھارت روانہ کیا جا رہا ہے۔سربجیت کور اب بھارت سے سپاؤز ویزے پر دوبارہ پاکستان آ سکتی ہے جس کے بعد وہ یہاں مستقل رہائش کی درخواست دے سکتی ہے۔
دوسری جانب سربجیت کور کے خلاف ہائیکورٹ میں کیس کی پیروی کرنے والے وکیل علی چنگیزی سندھو کا کہنا ہے کہ کیس تاحال عدالت میں زیر سماعت ہے، جسٹس فاروق حیدر نے 5 دسمبر کی سماعت کے دوران کیبنٹ ڈویژن، آئی جی پنجاب اور ایف آئی اے سمیت دیگر متعلقہ اداروں سے رپورٹس طلب کر رکھی ہیں۔
