تربت ، مند میں جرگہ کے قریب دستی بم حملہ، گاڑیاں متاثر، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا

تربت(قدرت روزنامہ)تربت مند کے علاقے میں جرگہ کے قریب دستی بم حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں دھماکے سے چند گاڑیوں کو جزوی نقصان پہنچا، تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ پولیس ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے فشریز بلوچستان حاجی برکت رند کی صدارت میں ضلع کیچ کی تحصیل مند میں زبیدہ جلال اسکول میں عوامی مسائل کے حل کے لیے جرگہ جاری تھا۔
اسی دوران اسکول کے گیٹ کے سامنے پارکنگ ایریا میں دستی بم گر کر زور دار دھماکے سے پھٹ گیا، جس سے قریب کھڑی دو گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ پولیس کے مطابق واقعے میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا اور آخری اطلاعات تک جرگہ بدستور جاری تھا۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
