کرسی پر بیٹھے حکمران ڈمی بھی ہیں اور صرف گالیاں کھانے کے لئے بٹھائے گئے ہیں،مولانا فضل الررحمان

.لاہور(قدرت روزنامہ) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ 27ویں ترمیم نے بتایا ملک میں جنگ نظریات نہیں اتھارٹی کی ہے،سول سپر میسی اور پارلیمنٹ کی بالا دستی ختم ہوچکی ،اب فیصلے پنڈی میں ہوں گے اورقانون اسلام آباد میں پاس ہو ں گے اور کسی کو اس بات کا احساس نہیں،ایک برائے نام سی جمہوریت جس میں ڈھونگ ہے، ملک میں کسی صوبے میں کوئی بھی حکومت منتخب حکومت نہیں، پاکستان کی پارلیمنٹ کا کوئی قانون دنیا میں نظیر کے طور پر پیش نہیں کیا جارہا اور پاکستان کی عدلیہ کا کوئی فیصلہ بطور نظیر پیش نہیں کیا جاتا،جب دونوں ادارے غیر معتبر ہیں تو ہم کہاں کھڑے ہیں،کرسی پر بیٹھے حکمران ڈمی بھی ہیں اور صرف گالیاں کھانے کے لئے بٹھائے گئے ہیں،کیا دنیا میں کہیں ہوتا ہے کہ کسی کو زندگی بھر کے لئے قانون سے استثنیٰ دیا جائے۔

لاہور میں جے یو آئی ڈیجیٹل میڈیا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ کنونشن کے انعقاد پر سب کو مبارکباد دیتا ہوں، سیاسی زندگی میں میرا ایک سوال رہا ہے ، کسی بھی میدان میں کہیں نہ کہیں ہماری کمیاں رہی ہیں، خاص طور پر میڈیا کا جو مزاج ، کام اور مختلف پہلو اسلام کے متصادم رہا ہے، سوشل میڈیا پر لوگوں کی تضحیک کی جاتی ہے۔
انہوںنے کہا کہ علما ء دین کی تعلیمات دیتے ہیں کبھی کبھی وہ کام سے تھک کر مزاح بھی کرتے ہیں، علما ئے اکرام کے مزاح کو تنقید بنایا جاتا ہے، سوشل میڈیا پر لوگوں کی تضحیک کی جاتی ہے، اسلام میں لوگوں کے عیب پر پردہ ڈالا جاتا ہے مگر سوشل میڈیا اور میڈیا منفی انداز سے اِسے دیکھتا ہے،یہ منفی انداز شریعت کے خلاف ہے، خبر کی تصدیق کرو، اگر کوئی شخص آپ کے پاس خبر لے کر آتا ہے تو پہلے اس پر تحقیق کرو، ہمارا معاشرہ جھوٹی خبر جان بوجھ کر پھیلاتا ہے تا کہ مخالف کے خلاف استعمال کیا جائے۔
انہوںنے کہا کہ ہر نوجوان مختلف باتیں کرتا ہے، جو نئی بات آ جائے ہر کوئی اس پکڑ لیتا ہے، جس کی سمجھ میں جو بات آئی اس نے وہ ہی شروع کر دی ۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی اسلامی نظام کے علاوہ کوئی نظام نہیں جو انصاف فراہم کر سکے، 26ویںترمیم میں ہم نے حکومت سے انتہا کے مذکرات کیے اور 32 نکات رکھے، ایک سال کے اندر ہی نئی ترمیم آ گئی، 27ویںترمیم نے بتایا جنگ نظریات کی نہیں اتھارٹی کی ہے،سول سپر میسی ایک نام رہ گیا ہے اب فیصلے پنڈی میں ہو ں گے ، ہماری عوام اِس سے لاعلم ہے، علما ء پر فتوے لگانا یہ کون لوگ جو اس طرح کے فتوے لگاتے ہیں اِن لوگوں نے جھوٹی احادیث گھڑ رکھی ہیں،یہ ضعیف احادیث بیان کرتے ہیں۔
انہوںنے کہاکہ ہمارے ادارے بھی لوگوں کے عیوب تلاش کرتے اور ان کی فائلیں بناتے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ نوآبادیاتی نظام میں مغربی دنیا نے غلبہ حاصل کیا ،اٹلی، فرانس اور برطانیہ نے کالونیاں بنائیںجس کے نتیجے میں آزادی کے لیے قوموں کو لڑنا پڑا۔ آزادی کی قیمت ہمیں معلوم ہے ،مسلح اور غیر مسلح لڑائیوں کے ذریعے آزادی حاصل کی گئی،سرمایہ داریت نے اپنا جابرانہ چہرہ جمہوریت کے پردے میں چھپایا ، اب جمہوریت دم توڑ رہی ہے ،سرمایہ داریت طاقت کے ساتھ آگے آرہی ہے ،کمیونزم بھی دم توڑ رہی ہے اس کے پیچھے چھپا آمریت نمایاں ہورہا ہے،آج جمہوریت اور کمیونزم دم توڑ رہے ہیں جبکہ سرمایہ داریت اور آمریت آگے آرہے ہیں،اگر صدام حسین کویت میں داخل ہوتا ہے تو وہ مجرم ہے لیکن امریکہ افغانستان ، عراق اور وینزویلا میں داخل ہوتا ہے تو کوئی مسئلہ نہیں،روس کس طرح افغانستان میں داخل ہوا تھا اور اب یوکرائن میں داخل ہوا ہے۔
امکان ہے کہ چین بھی اب تائیوان میں داخل ہوجائے گا جس کی روایت اگرچہ موجود نہیں ۔دنیا میں آج جمہوری نظام نہیں ، جس کے پاس طاقت اور سرمایہ ہے وہ جو چاہے کر رہا ہے،ہمارے ہاں بھی جمہوریت نہیں ہے اس کی جگہ طاقت نے لے رکھی ہے،ایک برائے نام سی جمہوریت جس میں ڈھونگ ہے، ملک میں کسی صوبے میں کوئی بھی حکومت منتخب حکومت نہیں، اس بات کا کسی کو کوئی احساس نہیں، ہم اس کے متاثر ہیں، ہم پر گزری ہے۔
برائے نام جمہوریت اور ڈھونگ انتخابات ہوئے جس کے نتائج کچھ لوگ دفتروں میں بیٹھ کر تیار ہورہے ہیں،نہ وفاق کی حکومت منتخب ہے نہ پنجاب کی نہ سندھ کی نہ بلوچستان اور خیبر پختوانخواہ کی،ہمارے اکابر ین نے دنیا کو سکھایا کہ بے ہنگم جمہوریت قابل قبول نہیں ۔ انہوںنے کہا کہ اسلامی نظریاتی کونسل کی سفارشات موجود ہیں لیکن آج تک ایک بھی سفارش پر بحث نہیں ہوسکی،جو کچھ ہم نے 26 ویںترمیم سے حاصل کیا تھا وہ 27ویںترمیم میں ختم ہوگیا،27ویںترمیم میں حاصل شدہ اکثریت جبری اکثریت ہے،27ویں ترمیم نے بتا دیا کہ اب جنگ نظریات کی نہیں بلکہ اتھارٹی کی ہے،اسٹیبلشمنٹ اپنی گرفت مضبوط کررہی ہے اب فیصلے پنڈی میں ہوں گے اور قانون سازی اسلام آباد میں ہوگی،سیاسی جماعتوں کو اب تک احساس نہیں وہ پرانے نعرے لگا رہی ہیں۔
وہ لوگ اور تنظیمیں جو ایک دم وجود میں آتے ہیں اور جمہوریت کو کفر کہتے ہیں وہ بھی انہی کے مشن پر چل رہے ہیں،اس بنیاد پر حدیثیں گھڑی جاتی ہیں اور مسلمانوں کو کافر کہتے ہیں اور علما ئے کرام کو قتل کرتے ہیں،دنیا کا خاتمہ بھی اللہ کے نزدیک ایک مسلمان کے قتل سے ہلکا ہے،اسلام انسانوں کو حقوق دینا ہے ،اللہ کے قانون کے تابع ہوکر جو کوئی انسان سلب نہیں کرسکتا،انسانی حقوق کا وہ نظام جو اسلام کے تابع ہے وہ زیادہ مستحکم ہے،معدنی ذخائر اسلامی دنیا میں رکھے ہیں کیونکہ رسول اللہ ﷺ کو دنیا کے خزانوں کی چابیاں دی گئی تھیں،جب دنیا میں نظام ناکام ہوچکے ہیں اور جمہوریت دم توڑ رہی ہے اور کمیونزم دم توڑ رہا ہے لہٰذااب امت مسلمہ کو اب نئی پالیسی کے ساتھ سامنے آنا چاہیے ،ہم نے پاکستان اور سعودی عرب کے مابین معاہدے کی حوصلہ افزائی کی اور ترکی اس میں شامل ہوا تو اس کے نتیجے میں یہ معاہدہ مزید مضبوط ہوگا۔
پاکستان کی پارلیمنٹ کا کوئی قانون دنیا میں نظیر کے طور پر پیش نہیں کیا جارہا اور پاکستان کی عدلیہ کا کوئی فیصلہ بطور نظیر پیش نہیں کیا جاتا،جب دونوں ادارے غیر معتبر ہیں تو ہم کہاں کھڑے ہیں،کرسی پر بیٹھے حکمران ڈمی بھی ہیں اور صرف گالیاں کھانے کے لئے بٹھائے گئے ہیں،کیا دنیا میں کہیں ہوتا ہے کہ کسی کو زندگی بھر کے لئے قانون سے استثنیٰ دیا جائے،رسول ﷺ اللہ نے اپنے آپ کو مستثنیٰ قرار نہیں دیا اور حضرت عمر نے بھی اپنے آپ کو مستثنیٰ قرار نہیں دیا،ہمارا صدر مملکت زندگی بھر کیس بھگتتا رہا پیشیاں دیتا رہا اب اسے مستثنیٰ قرار دیا جارہا ہے،سوچ صرف یہ ہے کہ ہماری گرفت مضبوط ہو ہماری مراعات چلتی رہیں اور ہمیں قانون سے استثنیٰ دیا جائے،آج کوئی شخص پاکستان کا وفادار ہو اس کی وفاداری کی کوئی قیمت نہیں جب تک کہ ان کا وفادار نہ ہو۔
انہوں نے کہا کہ دینی مدارس کے راستے میں رکاوٹیں پیدا کی جارہی ہیں ،مدارس مسلمہ تعلیمی ادارے ہیں 1866 میں وجود میں آیا ہے،دینی مدرسہ ضروری ہے اور اگر غیر ضروری ہے تو وہ تم ہو،دینی مدرسہ جیسا رفاہی ادارہ دنیا میں نہیں ہے لیکن اس کے باوجود اس کے پیچھے پڑے ہوئے ہیں،آج امریکہ ہمیں قبول کرلے تو یہ کہیں گے کہ مدرسوں کے بارے بڑی اچھی رپورٹیں ہیں،مسلح گروہوں اور جنگجوں کے بارے ہمیں معلوم ہے کہ یہ کہاں تک اسلام کی بات کرتے ہیں،مشرف، باجوہ، کیانی اور موجودہ قیادت سب کی مدرسے کے بارے میں پالیسی یکساں ہے۔

WhatsApp
Get Alert