گرینڈ الائنس کے خلاف انتقامی کارروائیاں بند کر کے مطالبات تسلیم کیے جائیں،مولانا عبدالغفور حیدری

کوئٹہ (قدرت روزنامہ)جمعیت علما اسلام پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل اور رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالغفور حیدری، مرکزی ناظم مالیات مولانا صلاح الدین ایوبی، جمعیت بلوچستان کے سرپرستِ اعلی سابق وزیر بلدیات شیخ الحدیث مولانا حافظ حسین احمد شرودی اور شیخ الحدیث مولانا حافظ محمد یوسف نے گرینڈ الائنس کے قائدین اور ملازمین پر تشدد، گرفتاریوں اور گھروں پر چھاپوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔جمیعت علما اسلام کے رہنماں نے کہا کہ بلوچستان حکومت صبر و تحمل کا مظاہرہ کرے، گرفتار ملازمین کو فوری رہا کیا جائے اور مسائل کو افہام و تفہیم کے ذریعے حل کیا جائے۔ انہوں نے درجنوں افسران کی معطلی اور سیاسی بنیادوں پر کی جانے والی انتقامی کارروائیوں کو ناقابلِ قبول قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نے اپنی ہی قائم کردہ کمیٹی کی سفارشات سے انکار کر کے اپنی غیر سنجیدگی اور عوام دشمن پالیسیوں کو بے نقاب کر دیا ہے۔رہنماں کا کہنا تھا کہ پرامن سیاسی جدوجہد کو دبانے کے لیے طاقت کا استعمال کسی بھی جمہوری نظام میں قابلِ قبول نہیں۔ جبر، دھونس اور گرفتاریوں سے نہ عوامی مطالبات دبائے جا سکتے ہیں اور نہ ہی حالات میں بہتری آ سکتی ہے، بلکہ اس سے عوام اور ریاست کے درمیان فاصلے مزید بڑھیں گے، جس کی ذمہ داری موجودہ حکمرانوں پر عائد ہو گی۔انہوں نے خبردار کیا کہ اگر حکومت بلوچستان واقعی مسائل کے حل میں سنجیدہ ہے تو وہ فوری طور پر گرینڈ الائنس کے ملازمین سے بامقصد اور سنجیدہ مذاکرات شروع کرے اور تمام جائز، آئینی مطالبات تسلیم کرے۔ جمعیت علما اسلام نے واضح کیا کہ وہ انتقامی کارروائیوں کے خلاف ہر فورم پر آواز بلند کرتی رہے گی۔
