طالبات کی سہولت اور نوجوانوں کی فلاح میری ترجیح ہے یونیورسٹی آف تربت کو ہر ممکن سپورٹ دیں گے، مینا مجید بلوچ


تربت(قدرت روزنامہ)صوبائی مشیر برائے اسپورٹس اینڈ امورِ نوجوانان بلوچستان مینا مجید بلوچ نے 23 جنوری کو یونیورسٹی آف تربت کا دورہ کیا۔ جہاں انہوں نے اپنے ذاتی فنڈ سے طالبات کیلئے تعمیر کیے گئے گرلز کامن روم کا باقاعدہ افتتاح کیا۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مینا مجید بلوچ نے کہا کہ ایک سال قبل یونیورسٹی کے دورے کے دوران طالبات نے انہیں آگاہ کیا تھا کہ یونیورسٹی میں لڑکیوں کے لیے کوئی کامن روم موجود نہیں جبکہ تربت جیسے سخت موسمی حالات میں اور بارش کے دوران کھلے مقامات یا درختوں کے سائے تلے بیٹھنا مشکل ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ طالبات کی سہولت کو مدِنظر رکھتے ہوئے گرلز کامن روم کی تعمیر کا فیصلہ کیا گیا جو ایک سال کے اندر مکمل کر لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں بھی یونیورسٹی آف تربت کو اسی طرح سپورٹ فراہم کرتے رہیں گے اور طالب علموں کی فلاح و بہبود کے لیے مزید منصوبے شروع کیے جائیں گے۔ انہوں نے یونیورسٹی کے اسپورٹس گرانڈز کا بھی دورہ کیا اور بتایا کہ سابقہ دور میں منظور ہونے والے بعض منصوبے تاحال مکمل نہیں ہو سکے جبکہ کچھ منصوبے فنڈز کی کمی اور اتھارائزیشن کے مسائل کی وجہ سے تعطل کا شکار ہیں۔ ان میں باسکٹ بال اور فٹبال گرانڈز کے منصوبے شامل ہیں جن کے لیے ناکافی یا جزوی فنڈنگ کی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ان تمام مسائل کو نوٹ کر لیا گیا ہے اور متعلقہ محکمہ کے ذریعے انہیں مکمل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے یونیورسٹی کے جمنازیم کا بھی جائزہ لیا اور بتایا کہ وہاں مزید سہولیات اور سامان کی ضرورت ہے، جسے محکمہ اسپورٹس کے ذریعے فراہم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ اس کے علاوہ کوچز اور انسٹرکٹرز کی کمی کا مسئلہ بھی درپیش ہے، جس کے حل کے لیے آئندہ بھرتیوں میں یونیورسٹی آف تربت کو ترجیح دی جائے گی، کیونکہ یہاں گرلز اور بوائز کی بڑی تعداد تعلیمی اور اسپورٹس سرگرمیوں سے وابستہ ہے۔ مینا مجید بلوچ نے کہا کہ وفاقی سطح پر جاری بعض منصوبوں، خصوصا ڈیجیٹل اسکرینز کی فراہمی کے حوالے سے بھی وزیراعلی بلوچستان سے بات کی جائے گی تاکہ یونیورسٹی آف تربت میں جدید تدریسی سہولیات میسر آ سکیں اور طلبہ جدید طریقہ تعلیم سے استفادہ کر سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے مزید تجاویز اور منصوبے موصول ہو رہے ہیں۔ جن پر آئندہ بھی مشاورت اور گفتگو کا سلسلہ جاری رہے گا۔

WhatsApp
Get Alert