برفباری کی صورتحال: پی ڈی ایم اے بلوچستان کی مؤثر کارروائیاں، تمام شاہراہیں ٹریفک کے لیے بحال
وزیراعلیٰ و چیف سیکرٹری کی ہدایات پر اسنو کلیئرنس آپریشنز تیز، ڈی جی پی ڈی ایم اے فیلڈ میں متحرک

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں پی ڈی ایم اے بلوچستان کے اسنو کلیئرنس یونٹس صوبے کے مختلف برفباری سے متاثرہ علاقوں میں بھرپور کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ عملہ سڑکوں سے برف ہٹانے، سرخ نمک کے چھڑکاؤ اور مسافروں کی رہنمائی و معاونت میں مصروف ہے تاکہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھی جا سکے۔
حکومتی احکامات کے مطابق تمام اسنو کلیئرنس یونٹس کی نگرانی پی ڈی ایم اے کے ڈائریکٹرز کر رہے ہیں، جبکہ اعلیٰ حکام کو ہر گھنٹے کی بنیاد پر صورتحال رپورٹس ارسال کی جا رہی ہیں تاکہ آپریشنل سرگرمیوں کی مؤثر نگرانی یقینی بنائی جا سکے۔
ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے بلوچستان، جہانزیب خان غوری زئی گزشتہ شب سے ڈائریکٹر ریلیف اور ڈائریکٹر ایڈمن کے ہمراہ مختلف اسنو کلیئرنس مقامات کے دورے کر رہے ہیں اور فیلڈ آپریشنز کی براہِ راست نگرانی کر رہے ہیں۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق اس وقت تمام اہم شاہراہیں ٹریفک کے لیے بحال اور قابلِ آمدورفت ہیں۔ دورانِ سفر گاڑی خراب ہونے کے باعث پھنس جانے والے افراد کو ریسکیو ٹیموں نے بحفاظت نکال کر قریبی PDMA ایمرجنسی رسپانس سینٹر منتقل کیا، جہاں انہیں ضروری سہولیات فراہم کی گئیں۔ تعینات ریسکیو ٹیمیں دیگر مسافروں کی رہنمائی اور مدد بھی جاری رکھے ہوئے ہیں۔
پی ڈی ایم اے بلوچستان نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ ہنگامی صورت میں سفر ناگزیر ہو تو گاڑی میں وافر ایندھن، گرم کپڑے، کمبل یا شالیں اور ضروری اشیائے خورونوش ہمراہ رکھیں، اور حساس مقامات پر تعینات امدادی عملے سے مکمل تعاون کریں۔
“آفات ہوں یا حادثات
پی ڈی ایم اے آپ کے ساتھ”
