بی وائی ڈی کی 2 نئی الیکٹرک ایس یو ویز متعارف، پاکستان کے پہلے چارجنگ کوریڈور کے قیام کا بھی اعلان


کراچی (قدرت روزنامہ)چین کی معروف نیو انرجی وہیکل (این ای وی) تیار کرنے والی کمپنی بی وائی ڈی کے اشتراک سے میگا موٹر کمپنی (ایم ایم سی) نے پاکستان میں 2 نئی الیکٹرک اسپورٹس یوٹیلیٹی گاڑیاں (ایس یو وی) متعارف کرا دیں۔
یہ گاڑیاں بی وائی ڈی سی لائن 7 اوربی وائی ڈی اٹو 2 کے نام سے لاہور میں ایک ڈیلرشپ تقریب کے دوران پیش کی گئیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بی وائی ڈی پاکستان کے کنٹری ہیڈ لی جیان نے کہا کہ ان گاڑیوں کا اجرا پاکستان کے آٹوموٹیو شعبے کو جدید عالمی ٹیکنالوجی اور جدت سے ہم آہنگ کرنے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بی وائی ڈی مقامی صارفین کو عالمی معیار کی الیکٹرک گاڑیاں فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

بی وائی ڈی پاکستان ایم ایم سی کے وائس پریذیڈنٹ برائے سیلز اینڈ اسٹریٹجی دانش خالق نے کہا کہ پاکستان میں مستقبل کی موبیلیٹی روشن، الیکٹرک اور طویل المدتی بنیادوں پر استوار ہے جس پر ہمیں بے حد خوشی ہے۔
1,300 کلومیٹر طویل چارجنگ کوریڈور
پائیدار ٹرانسپورٹ کے فروغ کے لیے بی وائی ڈی ایم ایم سی، حبکو گرین کے اشتراک سے پاکستان کا پہلا ملک گیر نیو انرجی وہیکل چارجنگ کوریڈور قائم کر رہی ہے جو تقریباً 1,300 کلومیٹر پر محیط ہوگا۔
یہ چارجنگ کوریڈور کراچی سے پشاور تک پھیلا ہوگا اور اہم شہروں اور موٹرویز کا احاطہ کرے گا۔

WhatsApp
Get Alert