وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی بی یو جے کے نومنتخب صدر، جنرل سیکرٹری سمیت تمام عہدیداروں اور اراکین مجلس عاملہ کو مبارکباد، بلوچستان یونین آف جرنلسٹس صوبے میں مثبت، تعمیری اور ذمہ دار صحافت کے فروغ میں اپنا کردار مزید مؤثر انداز میں ادا کرے گی، وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی کا پیغام

کوئٹہ (قدرت روزنامہ)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے حالیہ انتخابات میں کامیاب ہونے والے تمام نو منتخب عہدیداران کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے اپنے پیغام میں وزیر اعلیٰ نے نو منتخب صدر منظور احمد، سینئر نائب صدر فرید اللہ، جنرل سیکرٹری شاہ حسین ترین، نائب صدر ظفر بلوچ، فنانس سیکرٹری عصمت سمالانی، سینئر جوائنٹ سیکرٹری کفایت علی اور جوائنٹ سیکرٹری عدنان سعید سمیت مجلسِ عاملہ کے نو منتخب اراکین رضا الرحمان، سلیم شاہد، خلیل احمد، شہزادہ ذوالفقار، ارشد بٹ، مرتضیٰ زہری، محمد عامر اور محب اللہ کو انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دی اور اس امید کا اظہار کیا کہ وہ صحافتی اقدار، آزادیِ اظہار اور صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے مؤثر کردار ادا کریں گے۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ آزاد، ذمہ دار اور مضبوط صحافت کسی بھی جمہوری معاشرے کی بنیاد ہوتی ہے صوبائی حکومت صحافی برادری کے مسائل کے حل، تحفظ اور فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان میں صحافیوں کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے حکومت اور صحافتی تنظیمیں مل کر کام کریں گی وزیر اعلیٰ نے نو منتخب قیادت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ بلوچستان یونین آف جرنلسٹس صوبے میں مثبت، تعمیری اور ذمہ دار صحافت کے فروغ میں اپنا کردار مزید مؤثر انداز میں ادا کرے گی۔
