بلوچستان میں احتجاج ختم، حکومت نے گرفتار ملازمین کو رہا کرنے کا فیصلہ، آل پارٹیز کا اعلان

**کوئٹہ (قدرت روزنامہ):** حکومتی وفد اور آل پارٹیز کے نمائندہ وفد کے درمیان ملاقات میں بلوچستان کے حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے خیرسگالی کے طور پر صوبہ بھر میں جاری احتجاج ختم کرنے کا اعلان کیا گیا، جبکہ حکومت نے تمام گرفتار ملازمین کی رہائی کا فیصلہ کیا۔
آل پارٹیز کے وفد میں عوامی نیشنل پارٹی، نیشنل پارٹی، پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شامل تھے۔ وفد میں اے این پی کے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی، نیشنل پارٹی کے مرکزی نائب صدر ڈاکٹر اسحاق بلوچ، پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی صدر نصر اللہ خان زیرے، پاکستان تحریک انصاف کے سلام آغا، ایچ ڈی پی کے رہنما عصمت یاری، اے این پی کے رہنما ثنا اللہ کاکڑ، نیشنل پارٹی کے میر عنایت بزدار، ملازمین کی طرف سے اسماعیل کاسی اور این ڈی ایم کے عنایت شاہ شامل تھے۔
حکومت بلوچستان کی جانب سے مجاز کمیٹی میں صوبائی وزیر خزانہ و معدنیات میر شعیب نوشیروانی، صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید درانی، صوبائی وزیر علی مدد جتک، پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سید اقبال شاہ، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکریٹری عمران زرکون اور اسپیشل سیکریٹری خزانہ عارف خان اچکزئی شامل تھے۔
ملاقات کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ 12 فروری کو آل پارٹیز کے اکابرین اور حکومتی کمیٹی کا اجلاس ہوگا، جس میں التواء شدہ تمام مسائل کے حل کے لیے حکمت عملی طے کی جائے گی۔
