گورنر بلوچستان کا مسلم ہینڈز کی خدمات کو سراہتے ہوئے صوبے میں عوامی فلاح و بہبود کے لیے تعاون کی ضرورت پر زور

کوئٹہ (قدرت روزنامہ) گورنر بلوچستان نے کہا ہے کہ عوامی فلاح و بہبود کے لیے سرکاری محکموں کے ساتھ ساتھ نجی ترقیاتی اداروں کا بھی اہم کردار ہے اور دونوں کے باہمی تعاون سے معاشرے میں حقیقی تبدیلی لائی جا سکتی ہے۔ انہوں نے یہ بات گورنر ہاؤس کوئٹہ میں مسلم ہینڈز کے ریجنل ہیڈ ملک نعیم کی قیادت میں وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔ اس موقع پر عطاء اللہ درانی اور جمیل احمد بھی موجود تھے۔
گورنر بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان کی آبادی بہت کم لیکن پھیلی ہوئی ہے، جس کے باعث دورافتادہ علاقوں میں تمام بنیادی سہولیات فراہم کرنا ایک مشکل کام ہے۔ انہوں نے تمام بین الاقوامی اداروں اور این جی اوز پر زور دیا کہ وہ صوبے کے دیہی علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی میں حکومت کی مدد اور رہنمائی کریں۔
انہوں نے کہا کہ مسلم ہینڈز کی بلوچستان کے مختلف اضلاع میں تعلیم، صحت اور صاف پانی کی فراہمی کے لیے کی جانے والی کوششیں لائق تحسین ہیں اور دیگر اداروں کو چاہیے کہ اپنی ترقیاتی سرگرمیوں اور امدادی اقدامات کو دیہی علاقوں تک وسعت دیں تاکہ وہ بھی ترقیاتی منصوبوں کے فوائد سے مستفید ہو سکیں۔

WhatsApp
Get Alert