انسانی ہمدردی اور مشرقی روایات کا تقاضاہے کہ عمران خان کو جیل کے اندر صحت کی تمام تر سہولیات فراہم اور مرضی کے ڈاکٹر سے معائنے کی اجازت ملنی چاہئے،مولانا فضل الرحمان

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے انسانی ہمدردی اور ہماری مشرقی روایات کا تقاضا یہی ہے کہ ایک بڑی سیاسی جماعت کے لیڈر عمران خان کو جیل کے اندر صحت کی تمام تر سہولیات فراہم کی جانی چاہئیں اور انہیں اپنی مرضی کے ڈاکٹر سے معائنہ کی اجازت ملنی چاہئے ۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ معاشرے کی اجتماعی بقا کا تقاضا بھی یہی ہے کہ ہم سب فطری سیاسی اختلافات کو دشمنی یا تنازعات کی اس حد تک نہ پہنچائیں، جہاں عوام کی زندگیوں کو مشکلات اور سماجی نظم و ضبط کو نقصان پہنچے ۔ سیاست زندگی نہیں ہے بلکہ یہ عکس زندگی ہے ، یہ ہمارا نصب العین نہیں بلکہ ہم اسے مجموعی انسان فلاح کے حصول کا ذریعہ سمجھتے ہیں ۔
مولانا فضل الرحمان نے سرحدی صوبوں میں بڑھتی ہوئی بدامنی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کہ پورا خیبر پختونخوا بالعموم اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بالخصوص پولیس فورس پر دہشت گردوں کے حملوں نے پوری سوسائٹی کو ہلا کر رکھ دیا ہے، پچھلے چند ہفتوں میں پنیالہ پولیس پر یہ دوسرا مہلک حملہ ہے ، جس میں بہادر پولیس آفیسر فہیم ممتاز سمیت چار پولیس اہلکار شہید ہو گئے ہیں ۔
انہوں نے آئی جی خیبر پختونخوا سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سانحہ پنیالہ بارے انکوائری کرائیں کہ وہ ڈیرہ اسماعیل خان سی ٹی ڈی پولیس سے پوچھیں کہ دہشت گرد ایس ایچ او فہیم ممتاز کو شہید کرنے کے بعد اس کی سرکاری ایس ایم جی گن کیسے چھین کر لے گئے ؟؟ جبکہ اس وقت سی ٹی ڈی پولیس فورس کی بھاری نفری شہید فہیم ممتاز کے ہمراہ تھی ، دوسرا ایک پیچیدہ پہاڑی علاقوں میں انتہائی تربیت یافتہ دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کے لئے انسپکٹر فہیم ممتاز کو بکتر بند گاڑی کیوں مہیا نہیں کی گئی ؟؟
