وزیراعلیٰ بلوچستان کا 3 لاکھ 28 ہزار مستحق خاندانوں کیلئے خصوصی رمضان پیکج کا اعلان، شفافیت یقینی بنانے کیلئے 8 رکنی ضلعی کمیٹیاں تشکیل

کوئٹہ (قدرت روزنامہ)ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے جہانزیب خان نے کوئٹہ میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کی جانب سے صوبے کے 3 لاکھ 28 ہزار مستحق خاندانوں کے لیے خصوصی رمضان پیکج کا اعلان کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ پیکج بلوچستان کے تمام اضلاع میں مرحلہ وار تقسیم کیا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق افراد اس سے فائدہ اٹھا سکیں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے جہانزیب خان نے کہا کہ اس سال رمضان پیکج کی تقسیم کا طریقہ کار تبدیل کیا گیا ہے اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے 8 رکنی ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو نگرانی اور منصفانہ تقسیم کو یقینی بنائے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اب تک 20 سے زائد اضلاع میں رمضان پیکج پہنچایا جا چکا ہے اور باقی اضلاع میں بھی جلد فراہمی مکمل کر لی جائے گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ پیکج کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور صرف غریب اور مستحق افراد کو ہی راشن فراہم کیا جائے گا، کسی غیر مستحق کو اس کا فائدہ نہیں اٹھانے دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ رمضان پیکج ہر خاندان کی 15 دن کی ضروریات کو مدنظر رکھ کر تیار کیا گیا ہے تاکہ ماہِ مقدس میں مستحق خاندانوں کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومتِ بلوچستان مستحق عوام کی خدمت اور سہولت کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور رمضان المبارک کے دوران عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے گا۔
