کوئٹہ: حکومتِ بلوچستان کا مستحق خاندانوں کے لیے خصوصی رمضان پیکج کا اعلان


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)حکومتِ بلوچستان نے ماہِ رمضان المبارک کے دوران مستحق اور غریب خاندانوں کے لیے خصوصی رمضان پیکج کا اعلان کر دیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد صوبے بھر میں ضرورت مند افراد کو ریلیف فراہم کرنا اور انہیں مقدس مہینے میں بنیادی اشیائے خورونوش کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران صوبے کے 3 لاکھ 28 ہزار مستحق خاندانوں کو خصوصی رمضان پیکج فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس بات کو یقینی بنائے گی کہ امدادی سامان شفاف اور منصفانہ طریقے سے مستحقین تک پہنچے۔
وزیراعلیٰ کے مطابق پیکج کی تقسیم کو شفاف اور کرپشن فری بنانے کے لیے ہر ضلع میں 8 رکنی ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے، جو تقسیم کے عمل کی نگرانی کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت ہر مستحق خاندان کی دہلیز تک رمضان پیکج پہنچانے کے لیے مؤثر حکمت عملی پر عمل پیرا ہے تاکہ کسی بھی قسم کی بے ضابطگی یا شکایت کی گنجائش نہ رہے۔
حکومتِ بلوچستان کا کہنا ہے کہ یہ اقدام صوبے میں معاشی طور پر کمزور طبقات کی مدد اور سماجی بہبود کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

WhatsApp
Get Alert