بلوچستان کی صوبائی نشستیں 85 اور قومی اسمبلی کی 28 کرنے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور


کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں جمعہ کے روز صوبائی اور قومی اسمبلی کی نشستوں میں اضافے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔ اسپیکر کیپٹن (ر) عبدالخالق اچکزئی کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں رکن اسمبلی اصغر علی ترین نے قرارداد پیش کی جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ بلوچستان رقبے کے لحاظ سے ملک کا سب سے بڑا اور وسائل سے مالا مال صوبہ ہے مگر پسماندگی کے باعث اس کی نمائندگی میں اضافہ ناگزیر ہے۔ قرارداد میں سفارش کی گئی کہ صوبائی اسمبلی کی نشستیں 65 سے بڑھا کر 85 کی جائیں جبکہ قومی اسمبلی میں بلوچستان کی نشستوں کی تعداد 28 کی جائے۔ اجلاس کے دوران صوبائی وزیر ظہور بلیدی، اپوزیشن لیڈر یونس زہری، زمرک خان اچکزئی اور دیگر اراکین نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے عوامی نمائندگی کو تقویت ملے گی اور وفاقی سطح پر صوبے کے حقوق کی بہتر ترجمانی ہو سکے گی۔ بحث کے بعد ایوان نے قرارداد متفقہ طور پر منظور کرتے ہوئے وفاقی حکومت سے رجوع کرنے کی سفارش کی۔

WhatsApp
Get Alert