ضلع کیچ کی تقسیم اور ‘تمپ’ کا قیام گڈ گورننس کی مثال، انتظامی یونٹس کا مقصد عوامی خدمات کی بہتری ہے، صوبائی وزیر میر ظہور بلیدی


(ڈیلی قدرت کوئٹہ) پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات میر ظہور بلیدی نے ضلع کیچ کی تقسیم اور نئے ضلع “تمپ” سمیت ہوشاپ اور مند کو نئی سب ڈویژنز بنانے کے فیصلے کو سراہتے ہوئے اسے گڈ گورننس کی جانب اہم قدم قرار دیا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ (ایکس) پر جاری اپنے ایک بیان میں میر ظہور بلیدی نے کہا کہ یہ انتظامی تبدیلیاں بہتر نظم و نسق، عوامی خدمات کی فراہمی اور انتظامی کارکردگی کو بڑھانے کے لیے ایک قابل ستائش اقدام ہے۔ انہوں نے اس تاثر کی نفی کی کہ نئے ڈویژنز یا اضلاع کا مقصد قبائل کو تقسیم کرنا ہے، بلکہ ان کا واحد مقصد صوبے کے وسیع رقبے پر پھیلی ہوئی آبادی تک حکومتی رسائی کو مضبوط بنانا ہے۔ میر ظہور بلیدی نے امید ظاہر کی کہ ان نئے انتظامی یونٹس سے مقامی سطح پر عوام کے دیرینہ مسائل حل ہوں گے اور ترقی کے ثمرات دور دراز علاقوں تک پہنچیں گے۔

WhatsApp
Get Alert