نان کسٹم گاڑیوں سے قومی خزانے کو نقصان، کوئٹہ پولیس اور کسٹم کا مشترکہ کریک ڈاؤن کا فیصلہ، 8 کروڑ مالیت کی 30 گاڑیاں کسٹم کے حوالے


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)سنٹرل پولیس آفس میں بلوچستان پولیس اور پاکستان کسٹم پریونٹو کے زیر اہتمام مشترکہ اجلاس منعقد ہوا جس میں آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر اور کلکٹر پاکستان کسٹم ڈاکٹر کرم الہی کے علاوہ پولیس اور کسٹم کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔
اس موقع پر آئی جی پولیس بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان پولیس کی جانب سے نان کسٹم گاڑیوں کو ضبط کرنے کے بعد قانونی تقاضوں کو مکمل کر کے محکمہ پاکستان کسٹم پریونٹو کے حوالے کیا جاتا ہے، کیونکہ نان کسٹم گاڑیوں کا استعمال اکثر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث رہا ہے اور ان غیر قانونی گاڑیوں کے استعمال سے قومی خزانے کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔


اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کلکٹر کسٹمز بلوچستان ڈاکٹر کرم الہی نے کہا کہ بلوچستان پولیس کی نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کے خلاف جاری کامیاب مہم قابل ستائش ہے، نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کی اسمگلنگ کی روک تھام کے ساتھ اس کے استعمال اور خرید و فروخت کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ اجلاس میں نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کے استعمال اور ان کی خرید و فروخت کے حوالے سے پولیس اور کسٹم عملے کی طے شدہ حکمت عملی کے تحت مشترکہ کریک ڈاؤن پر عملدرآمد کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس کے آخر میں تحویل کی تقریب کے دوران مجموعی طور پر 8 کروڑ روپے کے لگ بھگ 30 نان کسٹم پیڈ گاڑیاں قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد کسٹم حکام کے حوالے کی گئیں، اس موقع پر ڈی آئی جی کوئٹہ عمران شوکت نے کلکٹر کسٹمز بلوچستان کرم الہی کو باقاعدہ طور پر تحویل میں لی گئی 8 کروڑ کے لگ بھگ مالیت کی یہ قیمتی گاڑیاں حوالے کیں۔

WhatsApp
Get Alert