بلوچستان بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن، 718 ملزمان گرفتار، بھاری مقدار میں اسلحہ اور منشیات برآمد، آئی جی پولیس

(ڈیلی قدرت کوئٹہ) آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر کی ہدایت پر صوبہ بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف خصوصی مہم کے تحت کارروائیاں جاری ہیں۔ ترجمان بلوچستان پولیس کے مطابق منشیات فروشوں، اشتہاری اور مفرور ملزمان سمیت سنگین وارداتوں میں ملوث عناصر کے خلاف بھرپور کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ ترجمان کے مطابق صوبہ بھر میں کوئٹہ سمیت سات رینجز کے مختلف اضلاع میں ٹارگٹ آپریشن کیے گئے جن کا مقصد جرائم کی روک تھام اور شہریوں کو پرامن ماحول فراہم کرنا ہے۔ جاری خصوصی مہم کے دوران 144 ملزمان کو گرفتار کیا گیا جبکہ کارروائیوں کے دوران 295 مطلوب مفرور اور 402 اشتہاری ملزمان سمیت مختلف جرائم میں ملوث 718 افراد کو حراست میں لیا گیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے 122 پستول و ریوالور، 4 کلاشنکوف، 594 کارتوس اور 91 میگزین برآمد کیے گئے جبکہ کارروائیوں کے دوران 10 مغویوں کو بھی بازیاب کرایا گیا۔ اس کے علاوہ 5 مسروقہ گاڑیاں اور 39 موٹرسائیکلیں بھی برآمد کی گئیں۔ ترجمان بلوچستان پولیس کے مطابق منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مقدمات درج کر کے 111 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ گرفتار افراد کے قبضے سے 743.678 کلوگرام چرس، 11.630 کلوگرام آئس شیشہ اور 10.665 کلوگرام افیون بھی برآمد کی گئی۔
