جنگی صورتحال: سعودی عرب کا زائرین کے لیے بڑا ریلیف، ویزوں کی مدت میں 18 اپریل تک توسیع
تمام ویزہ ہولڈرز بغیر جرمانہ ملک چھوڑ سکتے ہیں، ابشر (Absher) پلیٹ فارم سے ویزہ توسیع کی سہولت، 18 اپریل آخری ڈیڈ لائن مقرر

ریاض(قدرت روزنامہ) خطے میں بڑھتی ہوئی جنگی صورتحال کے پیش نظر سعودی حکومت نے مملکت میں موجود زائرین اور غیر ملکیوں کے لیے ایک بڑے ریلیف پیکج کا اعلان کر دیا ہے۔ سعودی وزارتِ داخلہ کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین بیان کے مطابق وہ تمام زائرین جن کے ویزوں کی مدت 25 فروری کو ختم ہو رہی تھی، انہیں اب 18 اپریل تک قیام کی خصوصی رعایت دے دی گئی ہے۔
وزارتِ داخلہ کے اعلامیہ میں واضح کیا گیا ہے کہ زائرین مقررہ فیس کی ادائیگی کے بعد “ابشر” (Absher) ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے اپنے ویزوں کی مدت میں باآسانی توسیع حاصل کر سکتے ہیں۔ سعودی حکام نے زائرین کی سہولت کے لیے ایک اور بڑا فیصلہ کرتے ہوئے تمام اقسام کے ویزہ ہولڈرز کو یہ رعایت بھی دی ہے کہ وہ کسی بھی قسم کے جرمانے کے بغیر ملک سے روانہ ہو سکتے ہیں۔
سعودی عرب کی جانب سے یہ اقدام جنگی حالات کے باعث پیدا ہونے والے سفری مسائل اور پروازوں کے تعطل کو مدنظر رکھتے ہوئے اٹھایا گیا ہے۔ تاہم، سعودی حکام نے تمام زائرین اور ویزہ ہولڈرز کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ کسی بھی قسم کی قانونی پیچیدگی یا کارروائی سے بچنے کے لیے 18 اپریل کی ڈیڈ لائن سے قبل ہر صورت سعودی عرب چھوڑ دیں۔
ایسے تمام زائرین جو سفری پابندیوں یا پروازوں کی کمی کے باعث پریشان تھے، ان کے لیے یہ اعلان ایک بڑی راحت ثابت ہوا ہے۔ سعودی پورٹل ‘ابشر’ پر اس حوالے سے خصوصی لنک بھی فعال کر دیا گیا ہے تاکہ لوگ گھر بیٹھے اپنے ویزا معاملات درست کر سکیں۔
