معروف نیپالی ریپ گلوگار بالیندر شاہ عرف بالن شاہ حالیہ انتخابات میں کامیابی کے بعد ملک کے نئے وزیرِ اعظم بن گئے

کھٹمنڈو(قدرت روزنامہ)معروف نیپالی ریپ گلوگار بالیندر شاہ عرف بالن شاہ حالیہ انتخابات میں کامیابی کے بعد ملک کے نئے وزیرِ اعظم بن گئے، وہ گزشتہ سال بدعنوانی مخالف مظاہروں کے نتیجے میں حکومت کے خاتمے کے بعد ہونے والے پہلے عام انتخابات میں کامیابی حاصل کرکے اقتدار میں آئے ہیں۔
35 سالہ اصلاح پسند رہنما اور ان کی جماعت راشٹریہ سواتنترا پارٹی نے نوجوانوں کی قیادت میں سیاسی تبدیلی کے نعرے پر اس ماہ ہونے والے انتخابات میں واضح کامیابی حاصل کی۔
حلف برداری کی تقریب میں بالن شاہ نے آئین سے وفاداری کا عہد کرتے ہوئے کہا کہ وہ ملک اور عوام کے مفاد میں کام کریں گے۔ تقریب میں موجود شرکا نے ان کے حق میں نعرے لگائے اور بھرپور استقبال کیا۔
ان کی جماعت نے 275 رکنی ایوان نمائندگان میں 182 نشستیں حاصل کر کے واضح اکثریت حاصل کی۔
نگراں وزیر اعظم اور سابق چیف جسٹس سشیلا کارکی نے قوم سے الوداعی خطاب میں کہا کہ ملک کا مستقبل نوجوان قیادت کے ہاتھوں میں ہے اور نئی حکومت سے بدعنوانی کے خاتمے، بہتر حکمرانی، روزگار کے مواقع اور معاشی ترقی کی امید ہے۔
35 سالہ بالیندر شاہ اس سے قبل دارالحکومت Kathmandu کے میئر بھی رہ چکے ہیں۔ وہ پانچ مارچ کو منعقد ہونے والے انتخابات میں وزیرِ اعظم منتخب ہوئے تھے۔
حلف برداری سے ایک روز قبل شاہ نے اپنے فیس بک پیج پر ایک نیا میوزک ویڈیو جاری کیا، جس میں انہوں نے حب الوطنی اور روشن مستقبل کے عزم کا اظہار کیا۔
حلف اٹھانے کے بعد شاہ نے 14 رکنی کابینہ تشکیل دی ہے، جو سرکاری اخراجات کم کرنے کے ان کے وعدے کا حصہ ہے۔ انہوں نے ہارورڈ سے تعلیم یافتہ ماہرِ معاشیات Swarnim Wagley کو وزیرِ خزانہ مقرر کیا۔
