شہید سفیر اللہ کی میت اماراتی حکام کے تعاون سے اسلام آباد منتقل، سفارتی عملے نے انتظامات مکمل کر لیے، میت آبائی علاقے بنوں بھیجی جائے گی

ابوظہبی(قدرت روزنامہ)متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی میں میزائل کا ملبہ گرنے کے افسوسناک واقعے میں جاں بحق ہونے والے پاکستانی شہری سفیر اللہ کی میت باقاعدہ طور پر اسلام آباد روانہ کر دی گئی ہے۔ پاکستانی سفارت خانے کے حکام نے میت کی وطن منتقلی کے تمام ضروری انتظامات مکمل کیے، جس کے بعد میت کو خصوصی پرواز کے ذریعے پاکستان بھیجا گیا۔ تفصیلات کے مطابق، شہید سفیر اللہ عید مرجان کی میت اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچنے کے بعد وہاں سے ایمبولینس کے ذریعے ان کے آبائی ضلع بنوں منتقل کی جائے گی، جہاں ان کی تدفین عمل میں آئے گی۔
واضح رہے کہ سفیر اللہ ابوظہبی میں بطور ڈرائیور اپنی خدمات انجام دے رہے تھے اور گزشتہ روز میزائل حملے کے بعد گرنے والے ملبے کی زد میں آ کر جاں بحق ہو گئے تھے۔ پاکستانی سفارتی حکام نے میت کی قانونی کارروائی اور فوری وطن روانگی میں بھرپور تعاون فراہم کرنے پر اماراتی وزارت خارجہ اور مقامی پولیس کا شکریہ ادا کیا ہے۔ بنوں میں سفیر اللہ کی شہادت کی خبر پہنچتے ہی علاقے میں فضا سوگوار ہے اور لواحقین نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سمندر پار پاکستانیوں کے تحفظ کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں۔
