شمالی بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں فلیش فلڈ کی وارننگ، ژوب، کوہلو اور سبی سمیت کئی اضلاع نشانے پر، ژالہ باری سے نقصانات کا خدشہ


کوئٹہ/اسلام آباد(قدرت روزنامہ)محکمہ موسمیات نے ملک کے وسیع حصے میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور موسلا دھار بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے شمالی علاقوں میں ‘فلیش فلڈ’ (اچانک سیلاب) کے بڑے خطرے سے خبردار کر دیا ہے۔ تازہ ترین ایڈوائزری کے مطابق، بارشوں کا یہ طاقتور سلسلہ 30 مارچ تک جاری رہنے کا امکان ہے، جس کے باعث مقامی ندی نالوں میں طغیانی اور شہری علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔ محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کیا ہے کہ 29 مارچ کی شام اور رات کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں شدید بارشیں متوقع ہیں، جس سے کمزور انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق، شمالی بلوچستان کے اضلاع ژوب، موسیٰ خیل، سبی، کوہلو، بارکھان، نصیرآباد اور لورالائی شدید بارشوں کے باعث براہِ راست فلیش فلڈ کے نشانے پر ہیں۔ اسی طرح بالائی و وسطی خیبر پختونخوا اور کشمیر کے مقامی ندی نالوں میں بھی اتوار کی شام سے پیر تک طغیانی کا شدید خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا، تاہم پنجاب، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور شمال مشرقی بلوچستان میں مختلف مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی۔ جنوبی پنجاب اور سندھ کے چند علاقوں میں ہلکی بارش جبکہ بعض مقامات پر ژالہ باری کی بھی توقع ہے۔ انتظامیہ نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور ندی نالوں کے قریب جانے سے احتیاط برتیں۔

WhatsApp
Get Alert