کوئٹہ میں جرائم، لوڈشیڈنگ اور پانی کی قلت پر تشویش، صفا پروجیکٹ کرپشن کا گڑھ بن گیا: پشتونخوا ملی عوامی پارٹی
ایگل سکواڈ اور ٹریفک پولیس کی لوٹ مار کی مذمت، تھانہ کلچر کے خاتمے کے بغیر جرائم پر قابو پانا ممکن نہیں: ضلع ایگزیکٹوز کے اجلاس میں اظہارِ خیال واسا سیوریج ملا پانی فراہم کر کے شہریوں کو بیمار کر رہا ہے، کیسکو غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا نوٹس لے: اجلاس میں مطالبہ تنظیمی امور پر غور، علاقائی اور تحصیل کانفرنسز کے انعقاد کا فیصلہ، ضلع کمیٹی کا اجلاس یکم اپریل کو طلب

کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) پشتونخواملی عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ کے ضلع ایگزیکٹیوز کا اجلاس پارٹی کے صوبائی سینئر نائب صدر وضلع کوئٹہ کے سیکرٹری سید شراف آغا کی زیر صدارت پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں پارٹی کے صوبائی صدر عبدالقہار خان ودان، صوبائی ڈپٹی سیکرٹریز صورت خان کاکڑاور حضرت عمر ایڈووکیٹ نے شرکت کی۔ اجلاس میں پارٹی کی تنظیمی سیاسی سرگرمیوں کے حوالے سے ضلع ایگزیکٹیوز کی رپورٹس پیش کی گئی اور آئندہ کے لائحہ عمل میں ضلع کوئٹہ کے باقی ماندہ علاقائی یونٹس کے کانفرنس کے فوری انعقاد اور دوسرے مرحلے میں تحصیل کانفرنسز کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں ضلع کوئٹہ میں عوام کو درپیش مسائل کو زیر غور لایا گیا اور اس حوالے سے انتظامیہ اور حکومت کی ناقص کارکردگیوں پر سخت تشویش کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس میں کہا گیا ہے کہ کوئٹہ کے لاکھوں عوام اس وقت انتہائی سخت مشکلات میں زندگی بسر کررہے ہیں ایک جانب انسانی زندگی کی بنیادی سہولیات سے محرومیوں نے عوام کے مشکلات میں اضافہ کر رکھا ہے دوسری جانب چوری، ڈکیتی، سٹریٹ کرائم، مسلح جتھوں، ہوباش نوجوانوں کے مختلف گروہوں نے شہریوں کو عزت، جان ومال کے سنگین مسئلے سے دوچار کر رکھا ہے۔ رمضان اور عید کے موقع پر کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں ان ہوباش نوجوانوں کے گروہوں کا مختلف علاقوں میں منفی،غیر اخلاقی سرگرمیاں، شہریوں کو تنگ کرنے، ٹریفک پولیس کی جانب سے کوئٹہ شہر میں شہریوں سے لوٹ مار غیر ضروری چالانوں، رشوت خوری کا بازار گرم رکھنے، ایگل سکواڈ پولیس کی جانب سے مختلف شاہراہوں وعلاقوں پر کم عمر نوجوانوں، مقامی لوگوں کو تنگ کرنے، پولیس تھانے لیجانے جیسے ناروا حربوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی گئی اور آئی جی پولیس سے اس کاخصوصی نوٹس لینے کا مطالبہ کیا گیا۔ اسی طرح آئی جی پولیس کی جانب سے شکایتی سیل کے اقدام کو بھی سراہا گیا جس کے ذریعے شہری باآسانی اپنی شکایت درج کرسکتے ہیں۔ لیکن پولیس تھانوں میں جب تک تھانیداری کلچر کا خاتمہ اور عوام کی شکایات کا ازالہ نہیں کیا جاتا تب تک کسی بھی علاقے سے جرائم پیشہ عناصر، ان کے کمین گاہوں کا خاتمہ اور پولیس کی صفوں میں شامل رشوت خور، کرپٹ، بداخلاق آفیسران واہلکاروں سے نجات ممکن نہیں۔ اجلاس میں کوئٹہ شہر میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی شدیدا لفاظ میں مذمت کی گئی اور کہا گیاکہ کوئٹہ کے اکثریتی علاقوں میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ جاری ہے بعض علاقوں میں صبح سے شام 4بجے تک مسلسل بجلی بندکردی جاتی ہے جس کے باعث صارفین کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے کیسکو کے اعلیٰ حکام اس کا سختی سے نوٹس لیکر مقامی فیڈرز، سب ڈویژن آفسز کے ذمہ داران کو بجلی کی مکمل وولٹیج کے ساتھ فراہمی کو یقینی بنائیں۔ اجلاس میں کہا گیا ہے کہ کوئٹہ شہر میں پینے کے صاف پانی کی قلت بڑھنے لگی ہے بروقت اقدامات نہ کیئے گئے تو گرمیوں میں مزید عوام کو مشکلات کا سامنا ہوگا۔ اسی طرح مختلف علاقوں میں پینے کے صاف پانی کے نلکوں میں سیوریج کا پانی آرہا ہے جس کے باعث شہری نہ صرف مختلف بیماروں میں مبتلا ہوتے جارہے ہیں بلکہ واسا کے متعلقہ حکام مسئلے کو حل کرنے کی بجائے عوام پر اس کا بوجھ ڈال رہے ہیں جس کا نوٹس لینا ایم ڈی واسا کی ذمہ داریوں میں شامل ہے۔ اجلاس میں کہا گیا ہے کہ کوئٹہ شہر میں صفا پروجیکٹ جو کہ دراصل کرپشن پروجیکٹ بن چکی ہے شہر میں کسی بھی علاقے میں صفائی کا کوئی نظام نظر نہیں آرہا ہے۔ ہر محلے،گلی، کوچے،شاہراہ پر گندگی کے ڈھیر، نالیوں کا کچروں سے بھرنا، گندہ پانی سڑکوں پر بہنا عام ہوچکا ہے۔ صفا پروجیکٹ اور اس کی انتظامیہ نہ ہی صفائی اور نہ ہی شکایت پر کان دھرتی ہیں جس کا نوٹس لینا ایڈمنسٹریٹر کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کی ذمہ داری ہے۔ اجلاس میں مختلف فیصلے کیئے گئے گئے اور اس سلسلے میں ضلع کوئٹہ کے ضلع کمیٹی کا اجلاس یکم اپریل سہہ پہر 3بجے پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ میں طلب کیا گیا ہے۔
