ہرنائی: طوفانی بارشوں اور ژالہ باری سے شدید انسانی بحران، حکومتی غفلت پر پشتونخوا میپ کی تنقید

سڑکیں اور پل بہہ گئے، کسانوں کی تیار فصلیں تباہ، پی ڈی ایم اے اور انتظامیہ کہیں نظر نہیں آ رہے: بیان راستے بند ہونے سے مریض ہسپتالوں تک نہیں پہنچ پا رہے، ہنگامی بنیادوں پر ریسکیو اور بحالی کے اقدامات کیے جائیں


ہرنائی (ڈیلی قدرت کوئٹہ): پشتونخواملی عوامی پارٹی ضلع ہرنائی کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ہرنائی کے عوام اس وقت ایک شدید انسانی بحران سے گزر رہے ہیں، مگر افسوس کہ ذمہ دار ادارے مکمل طور پر غفلت اور بے حسی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ حالیہ طوفانی بارشوں، ژالہ باری،تیز ہواں اور ندیوں میں طغیانی نے علاقے کا بنیادی ڈھانچہ تباہ کر کے رکھ دیا ہے۔سڑکیں اور پل بہہ گئے، راستے بند ہو چکے ہیں، اور عوام کو آمدورفت کے لیے شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ مریض ہسپتالوں تک پہنچنے سے قاصر ہیں جبکہ ٹرانسپورٹرز کا روزگار تباہ ہو چکا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ پہلے ہی سڑکوں کی حالت ناگفتہ بہ تھی، مگر اب تو صورتحال اس حد تک بگڑ چکی ہے کہ راستے مکمل طور پر ناقابلِ استعمال ہو چکے ہیں۔ اس کے باوجود حکومت، پی ڈی ایم اے اور دیگر متعلقہ ادارے کہیں نظر نہیں آ رہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ سیلابی صورتحال نے کھڑی فصلوں کو تباہ کر دیا ہے، جس سے زمیندار اور کسان شدید مالی نقصانات سے دوچار ہیں۔ یہ صرف قدرتی آفت نہیں بلکہ حکومتی نااہلی اور ناقص منصوبہ بندی کا بھی منہ بولتا ثبوت ہے۔بیان میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ فوری طور پر ہنگامی بنیادوں پر ریسکیو اور بحالی کے اقدامات کیے جائیں، متاثرہ علاقوں میں راستے بحال کیے جائیں اور کسانوں و متاثرین کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے۔

WhatsApp
Get Alert