فارم 47 کے نمائندوں نے پشتون حقوق پر غاصبانہ قبضہ کر رکھا ہے، غیور عوام ان لٹیروں کا احتساب ضرور کریں گے: پشتونخوامیپ

کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ): پشتونخوا ملی عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ کے ضلع کمیٹی کا اجلاس پارٹی کے صوبائی سینئر نائب صدر وضلع کوئٹہ کے سیکرٹری سید شراف آغا کے زیر صدارت پارٹی کے مرکزی سیکرٹری میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں تحصیل صدر کی رپورٹ تحصیل سیکرٹری نعیم خان، تحصیل کچلاغ کی رپورٹ تحصیل سیکرٹری ملک نادر کاکڑ، تحصیل سریاب کی رپورٹ تحصیل سینئر معاون سیکرٹری سید عبدالخالق آغا اور تحصیل سٹی کی رپورٹ تحصیل سینئر معاون سیکرٹری شکور افغان نے پیش کی جبکہ اجلاس کی کارروائی ضلع سینئر معاون سیکرٹری نصیر کاکڑ نے سرانجام دی۔ اجلاس میں پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری عبدالرحیم زیارتوال، مرکزی ایڈیشنل مالیات سیکرٹری آغا سید لیاقت علی، مرکزی سیکرٹری ڈاکٹر حامد خان اچکزئی،مرکزی سیکرٹری عبدالحق ابدال، صوبائی صدر عبدالقہار خان ودان، صوبائی ڈپٹی سیکرٹری صورت خان کاکڑ نے شرکت کی۔ اجلاس میں ضلع کوئٹہ کی تنظیمی سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور ضلع کمیٹی کے اراکین کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنی تنظیمی فعالیت کو مزید دوبالا کرتے ہوئے کوئٹہ شہر میں پارٹی کو منظم بنانے اور تمام ابتدائی یونٹس کو عوام کی خدمت اور اپنے قومی اہداف کے حصول کی جاری جدوجہد میں فعال بنائیں۔ اجلاس سے پارٹی رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پشتونخوامیپ کے چیئرمین ملی مشر محمود خان اچکزئی کا بیانیہ اور موقف اس وقت پشتونخوا وطن، ملک اور خطے میں جاری صورتحال پردرست ثابت ہوچکا ہے۔ اگر ملک کے حکمرانوں نے سنجیدگی کا مظاہرہ نہ کیا تو جنگ کے شعلوں سے ہمارا ملک بھی متاثر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ خلیج میں اسرائیل،امریکہ اور ایران کے درمیان جاری جنگ میں اب تک اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل کے مستقل رکن ممالک موثر کردار ادا کرنے سے قاصر ہیں جس کے باعث یہ جنگ وسیع سے وسیع تر اور خطرناک ہوتی جارہی ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ خلیج میں اسرائیل امریکہ اور ایران کے درمیان جدید تباہ کن اسلحہ اور ٹیکنالوجی کی جاری جنگ کو ختم کرنے کے لیے اقوام متحدہ اس کے سلامتی کونسل اور دنیا کے سیاسی جمہوری ممالک اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان جنگ انسانی جانوں کا ضیاع،انفراسٹرکچر کی تباہی قابل افسوس اور دونوں ممالک کے نقصان میں ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل افغانستان اور پاکستان کے تمام ہمسایوں کو بُلا کر بٹھائیں اور ایک دوسرے کے ممالک میں مداخلت سے انہیں ایک دوسرے سے گارنٹی لیکر دیں۔ پاکستان اور افغانستان کے درمیان جنگ روکنے کے لیے تمام ہمسایوں نے بھی اپنی ذمہ داری پوری کرنی ہوگی اور اس طرح آج کے زمانے کے تباہ کن جنگوں کا راستہ روکنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی صفوں کو منظم اور عوام اپنے عوام کو متحد کرنا ہوگا موجودہ حالات میں پارٹی کے کارکنوں کو اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے اپنی تنظیم کومضبوط بناکر اپنے قومی اہداف کے حصول کی جاری جدوجہد کو تیزکرنا ہوگااور پارٹی ڈسپلن نظم وضبط پر عملدرآمد پارٹی کے ہر عہدیدار اور کارکن کے لیے لازمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج یہاں جمہوریت،حقیقی سیاست پر حملہ جاری ہے اور یہ حملہ غیر جمہوری قوتوں کی جانب سے ہے۔ نام نہاد اتحادوں اور کارڈ ہولڈرز گروہوں کے ذریعے نہ صرف امن وامان تباہ کیا جارہا ہے بلکہ حقیقی سیاسی جمہوری کارکنوں کا راستہ روکنے کے لیے رکاوٹیں حائل کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں جمہوری قوتوں کی حقیقی اور سب سے بڑی تحریک کی قیادت اس وقت پارٹی کے محبوب چیئرمین ملی مشر محمود خان اچکزئی کررہے ہیں اورپارٹی کارکنوں نے اس جمہوری تحریک کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لیے پارٹی کی جانب سے دی گئی ذمہ داریوں اور جاری جدوجہد میں فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔ کیونکہ مورخین لکھتے ہیں کہ تاریخ میں ایسی تحریکیں صرف اس لیے ختم ہوئی کہ ان میں نظم وضبط نہیں تھا اپنے منشور وپروگرام اہداف سے ہٹنے والی تحریکیں آج تاریخ میں ختم ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پشتون بلوچ صوبے کے ہر شعبہ زندگی میں برابری کی بنیاد پر رہا جاسکتا ہے پشتون سیال وبرابر قوم کی حیثیت سے اس صوبے میں رہنا چاہتی ہے۔ فارم 47کے نام نہاد نمائندوں کے ہاتھوں پشتون قوم کے حقوق پر غاصبانہ قبضہ کرنے والوں کا احتساب ہماری غیور عوام ضروری کریگی۔
