پنجاب میں ٹرانسپورٹ کرایوں میں 25 فیصد اضافے کا نیا نوٹیفکیشن جاری
محکمہ ٹرانسپورٹ اور ٹرانسپورٹرز کے مذاکرات کامیاب؛ خود ساختہ 65 فیصد اضافہ ختم، لاہور سے ملک بھر کے لیے نئے نرخ مقرر

لاہور(قدرت روزنامہ)محکمہ ٹرانسپورٹ پنجاب اور ٹرانسپورٹرز کے درمیان کامیاب مذاکرات کے بعد ٹرانسپورٹرز کی جانب سے کیا گیا 60 سے 65 فیصد خود ساختہ اضافہ ختم کر دیا گیا ہے اور حکومت نے کرایوں میں 25 فیصد اضافے کا نیا سرکاری کرایہ نامہ جاری کر دیا ہے، جس پر فوری عملدرآمد کے لیے لاہور کے تمام بس اڈوں کو نئے نرخ اویزاں کرنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔ نئے شیڈول کے مطابق لاہور سے راولپنڈی کا ایگزیکٹو کرایہ 2480 سے بڑھ کر 3100، کراچی کا 7700 سے 9650، اور کوئٹہ کا ایگزیکٹو کرایہ 4480 سے بڑھا کر 5600 روپے کر دیا گیا ہے، جبکہ مری، سوات، ملتان اور فیصل آباد سمیت دیگر تمام شہروں کے کرایوں میں بھی 25 فیصد تناسب سے اضافہ کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ ہوش ربا اضافے کے بعد ٹرانسپورٹرز نے یکطرفہ طور پر کرایوں میں بھاری اضافے کا اعلان کیا تھا، تاہم حکومتی مداخلت کے بعد اس اضافے کو قانونی حد کے اندر لاتے ہوئے مسافروں کو کسی حد تک ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کی گئی ہے تاکہ عوامی بوجھ کو کم سے کم رکھا جا سکے۔
