اگر ایک شناختی کارڈ پر 3 موٹر سائیکلیں ہیں تو کیا 6000 ملیں گے؟

کراچی (قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ اگر ایک ہی شناختی کارڈ پر 3 موٹر سائیکلیں رجسٹرڈ ہیں، تب بھی صرف ایک ہی سبسڈی (2000 روپے) ملے گی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اہم نیوز کانفرنس کرتے ہوئے موٹر سائیکل سواروں کے لیے ماہانہ 2000 روپے فیول سبسڈی فراہم کرنے کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے، یہ رقم براہِ راست ان افراد کو ملے گی جن کے نام پر موٹر سائیکل رجسٹرڈ ہوگی۔
وزیراعلیٰ نے سبسڈی حاصل کرنے کا طریقہ اور شرائط کے حوالے سے بتایا کہ سبسڈی صرف اسے ملے گی جس کے نام پر موٹر سائیکل رجسٹرڈ ہوگی۔ اگر آپ نے کسی سے گاڑی خریدی ہے تو اسے فوری طور پر اپنے نام منتقل کروائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام کی سہولت کے لیے موٹر سائیکل کی ٹرانسفر فیس مکمل طور پر مفت کر دی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا رقم صرف اسی صورت ملے گی جب بینک اکاؤنٹ اور موٹر سائیکل کی رجسٹریشن ایک ہی شناختی کارڈ (CNIC) پر ہوگی، اگر اکاؤنٹ کسی اور کے نام ہوا تو پیسے نہیں ملیں گے۔
انھوں نے مزید بتایا کہ سندھ بینک کے اکاؤنٹ ہولڈرز کو رقم 24 گھنٹے میں، جبکہ دیگر بینکوں کے صارفین کو 3 دن میں منتقل کر دی جائے گی، اپریل کی سبسڈی اسی ماہ دے دی جائے گی۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ اگر ایک ہی شناختی کارڈ پر 3 موٹر سائیکلیں رجسٹرڈ ہیں، تب بھی صرف ایک ہی سبسڈی (2000 روپے) ملے گی۔
وزیراعلیٰ نے عوام کی سہولت کے لیے ٹرانسفر دفاتر کے اوقات میں غیر معمولی تبدیلی کردی گئی ہے ، اب دفاتر صبح 8 بجے سے رات 12 بجے تک کھلے رہیں گے جبلپ عوام کی بھیڑ کے پیشِ نظر دفاتر ہفتہ اور اتوار کو بھی کھلے رکھے جائیں گے۔
انھوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن نے یقین دہانی کرائی ہے کہ کرائے نہیں بڑھائے جائیں گے، کسی بھی خودساختہ اضافے پر سخت قانونی کارروائی ہوگی۔
تاجر برادری سے مشاورت: مارکیٹیں بند کرنے کے حوالے سے تاجر برادری سے ملاقات ہوئی ہے اور مشاورت جاری ہے۔
