فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی بصیرت سے جنگ کے بادل چھٹ گئے، امن کے نوبل انعام سے نوازا جائے، بابر یوسفزئی

کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) معاون برائے وزارت داخلہ بلوچستان بابر یوسفزئی نے فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ وہ ہمیشہ سے امن کا داعی رہا ہے۔ اپنے ایک جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل کی شبانہ روز کاوشوں اور بصیرت انگیز قیادت کی بدولت خطے میں منڈلاتے ہوئے جنگ کے بادل چھٹ گئے ہیں اور ایک بڑی تباہی کا خطرہ ٹل گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے اس مصالحتی اور ثالثی کردار کی بازگشت پوری دنیا میں سنائی دے رہی ہے اور آج ہمارے دشمن ممالک بھی اس حقیقت کو سراہنے پر مجبور نظر آ رہے ہیں۔بابر یوسفزئی نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی امن پسندی اور انسانیت کو جنگ کے شعلوں سے بچانے کی کوششوں کا اعتراف کرے اور انہیں امن کے “نوبل انعام” سے نوازا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے اس سے قبل افغانستان میں بھی امن کے قیام کے لیے بے مثال قربانیاں دیں اور حالیہ سفارتی کامیابی نے پوری دنیا کے سامنے پاکستان کا حقیقی اور مثبت چہرہ واضح کر دیا ہے۔ اس تمام کامیابی کا سہرا فیلڈ مارشل کی بہترین حکمت عملی اور پیشہ ورانہ مہارت کے سر جاتا ہے جنہوں نے ملک و قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔معاون داخلہ نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ پاکستان کی عسکری قیادت نے یہ ثابت کیا ہے کہ ملک کے دفاع کے ساتھ ساتھ عالمی امن کا قیام بھی ان کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان کے اس مثبت کردار کی وجہ سے مستقبل میں عالمی سطح پر تنازعات کے حل کے لیے پاکستان کی اہمیت مزید بڑھے گی۔ بابر یوسفزئی کا کہنا تھا کہ آج پوری قوم اپنی بہادر افواج اور قیادت کی ان سفارتی و دفاعی کامیابیوں پر نازاں ہے، جس نے پاکستان کو عالمی سطح پر ایک معتبر اور امن پسند ریاست کے طور پر منوایا ہے۔
