ماتحت سٹاف سے بہتر پرفارمنس لینا سپروائزری افسران کی ذمہ داری ہے، سمارٹ اینڈ کمیونٹی پولیسنگ کے ذریعے شہریوں کو فوری ریلیف فراہم کیا جائے رہا ہے ، آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان محمد طاہر نے کہا ہے کہ محکمانہ ترقی اور رینک میں اضافہ پولیس افسران کے کیرئیر کا اہم حصہ اور اس کی ذمہ داریوں میں اضافے کا عکاس ہے۔ ماتحت سٹاف سے بہتر پرفارمنس لینا سپروائزری افسران کی ذمہ داری ہے لہذا ترقی پانیو الے افسران اپنا کمانڈنگ رول مزید تندہی کے ساتھ ادا کریں گے تو عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے دی گئی ذمہ داری بہتر اور موثر طریقے سے انجام دے سکیں گے ۔
ان خیالات کا اظہار آئی جی پولیس بلوچستان نے سینٹرل پولیس آفس میںایس ایس پی رینک پرترقی پانے والے پولیس افسران نوید عالم اور شیرعلی کو بیجز لگانے کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہراورایڈیشنل آئی جی پولیس آغامحمد یوسف نے ایس ایس پی رینک پر ترقی پانے والے دو افسران کو بیجز لگائے۔
آئی جی پولیس بلوچستان نے کہاکہ سمارٹ اینڈ کمیونٹی پولیسنگ کی گائیڈلائنز کے مطابق شہریوں کو خدمات کی فراہمی اور جرائم کے قلع قمع کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے اور عام شہری کے ساتھ تعاون اور جدید پولیسنگ کے نظام کے مطابق شہریوں کو فوری ریلیف فراہم کیا جائے جبکہ پولیس کے مثبت تشخص کو مضبوط بناتے ہوئے احساسِ تحفظ کے احساس کو اجاگر کیا جائے ۔
آئی جی پولیس بلوچستان نے ترقی پانے والے افسران کو محکمانہ ترقی پر مبارک باد دی۔ترقی پانے والے افسران نے شہریوں کی خدمت اور تحفظ کو ہر صورت یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
تقریب میں ایڈیشنل آئی جی و کمانڈنٹ بی سی اشفاق احمد ، ایڈیشنل آئی جی جاوید علی مہر ، ڈی آئی جی ہیڈکوارٹر حسن اسد علوی، ڈی آئی جی کوئٹہ عمران شوکت ، ڈی آئی جی فنانس سہیل احمد شیخ ،ڈی آئی جی اسپیشل برانچ طاہر علاالدین ،ڈی آئی جی ٹیلی شاد بن مسیح،ڈی آئی جی سی ٹی ڈی اعتزاز احمد گورایہ ، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہر اللہ بادینی اور ڈائریکٹر ایف آئی اے بلوچستان بہرام خان مندوخیل بھی موجود تھے ۔
