تحصیل خانوزئی میں غیر قانونی افغان مہاجرین کے خلاف گرینڈ آپریشن، 24 گھنٹے کی مہلت ختم، 100 سے زائد گھر مسمار


کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) وفاقی اور صوبائی حکومت کے احکامات کے مطابق بلوچستان کے علاقے تحصیل خانوزئی میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان مہاجرین کے خلاف گرینڈ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ ایس پی عنایت کاکڑ کی قیادت میں کیے گئے اس مشترکہ آپریشن میں افغان مہاجرین کو دی گئی 24 گھنٹے کی مہلت ختم ہونے کے فوراً بعد انتظامیہ نے کارروائی شروع کر دی اور اب تک 100 سے زائد غیر قانونی گھروں کو مسمار کر دیا گیا ہے۔ ایک سرکاری رپورٹ کے مطابق، کاریزات کے علاقے میں فی الحال تقریباً 60 ہزار افغان مہاجرین مقیم ہیں، جن میں سے زیادہ تر کے پاس درست دستاویزات نہیں ہیں۔ ڈی ایس پی عنایت کاکڑ نے آپریشن کی نگرانی کرتے ہوئے بتایا کہ مہلت ختم ہونے کے بعد بلڈوزرز اور ہیوی مشینری کے ذریعے غیر قانونی ڈھانچوں کو مسمار کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے واضح پیغام دیا ہے کہ افغان مہاجرین اگر فوری طور پر رضاکارانہ طور پر واپس افغانستان چلے جائیں تو مزید سخت کارروائی سے بچ سکتے ہیں بصورت دیگر پولیس اور انتظامیہ کی جانب سے بڑے پیمانے پر آپریشنز کیے جائیں گے، جن میں گرفتاریاں اور ڈی پورٹیشن بھی شامل ہو سکتی ہے۔

WhatsApp
Get Alert