عمران خان کا تحریک تحفظِ آئین کی قیادت پر مکمل اعتماد! ترجمان حسین احمد یوسفزئی کی میڈیا افواہوں کی سختی سے تردید؛ “محمود خان اچکزئی اور علامہ ناصر عباس آئین کی بالادستی کے لیے ڈٹ کر کھڑے ہیں

تحریک تحفظِ آئین میں اختلافات کی خبریں بے بنیاد: بانی پی ٹی آئی کا محمود خان اچکزئی اور علامہ ناصر عباس پر مکمل اعتماد کا اظہار؛ ترجمان حسین احمد یوسفزئی کا میڈیا سے ذمہ دارانہ رپورٹنگ کا مطالبہ


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ترجمان تحریک تحفظ آئین پاکستان حسین احمد یوسفزئی نے میڈیا پر چلنے والی ان تمام افواہوں اور خبروں کی سختی سے تردید کی ہے جن میں اتحاد کے اندر اختلافات کا تاثر دیا جا رہا تھا، اور انہیں حقائق کے بالکل برعکس قرار دیا ہے۔ اپنے ایک وضاحتی بیان میں انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سلمان اکرم راجہ نے بیرسٹر سلمان صفدر کے حوالے سے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان تحریک تحفظ آئین کی قیادت پر نہ صرف بھرپور اعتماد رکھتے ہیں بلکہ وہ مکمل طور پر اس اتحاد کے ساتھ کھڑے ہیں۔
ترجمان کے مطابق، عمران خان نے خصوصی طور پر محمود خان اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس کو باکردار اور جرأت مند ساتھی قرار دیا ہے جو ملک میں آئین اور قانون کی بالادستی کے لیے ثابت قدمی سے ڈٹے ہوئے ہیں۔ حسین احمد یوسفزئی نے اس بات پر زور دیا کہ تحریک کی قیادت اپنے مؤقف پر مکمل طور پر متحد ہے اور ان کے خلاف پھیلائی جانے والی تمام افواہیں بے بنیاد ہیں۔ آخر میں انہوں نے میڈیا سے اپیل کی کہ موجودہ ملکی حالات میں ذمہ دارانہ رپورٹنگ کا مظاہرہ کیا جائے اور عوام تک صرف درست اور مصدقہ معلومات ہی پہنچائی جائیں۔

WhatsApp
Get Alert