پنجاب حکومت کا بلوچستان کے طلبا کے لیے بڑا تحفہ، 460 تعلیمی اسکالرشپس کا اعلان

وزیراعلی مریم نواز کی ہدایت پر پی ای ای ایف اور بی ای ای ایف کا مشترکہ اقدام، مستحق اور ذہین طلبا سے درخواستیں طلب


کوئٹہ (قدرت روزنامہ)وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر پنجاب ایجوکیشنل اینڈومنٹ فنڈ (PEEF) نے بلوچستان ایجوکیشن اینڈومنٹ فنڈ (BEEF) کے اشتراک سے بلوچستان کے ذہین اور مستحق طلبا و طالبات کے لیے 460 اسکالرشپس دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس پروگرام کے تحت انٹرمیڈیٹ، گریجویشن اور ایم ایس/ایم فل کے طلبا کو مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔ اسکالرشپ کے لیے وہ طلبا اہل ہوں گے جنہوں نے سال 2025 کے سالانہ امتحانات میں سرکاری اداروں سے میٹرک یا انٹرمیڈیٹ کم از کم 60 فیصد نمبروں کے ساتھ پاس کیا ہو، جبکہ ایم ایس کے امیدواروں کے لیے 2.5 سی جی پی اے لازمی قرار دی گئی ہے۔چیف ایگزیکٹو آفیسر بی ای ای ایف (BEEF) خالد ماندائی نے اس حوالے سے بتایا کہ درخواست گزار کے والدین کی ماہانہ آمدنی 60,000 روپے سے زائد نہیں ہونی چاہیے اور امیدوار کسی دوسرے اسکالرشپ سے مستفید نہ ہو رہا ہو۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام بلوچستان کے باصلاحیت طلبا کے لیے اعلی تعلیم کی راہ میں حائل مالی مشکلات کو دور کرنے میں سنگ میل ثابت ہوگا۔ خواہشمند طلبا کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے تصدیق شدہ دستاویزات، رزلٹ کارڈ، ڈومیسائل اور آمدن سرٹیفکیٹ کے ساتھ مقررہ فارم جمع کرائیں۔ انتخاب مکمل طور پر میرٹ اور پی ای ای ایف کی پالیسی کے مطابق کیا جائے گا۔

WhatsApp
Get Alert