بلوچستان میں کرایہ داروں کی رجسٹریشن لازمی قرار، شناختی کارڈ کے بغیر رہائش دینے پر پابندی

قوانین کی خلاف ورزی پر پراپرٹی سیل اور گرفتاری ہوگی، 24 گھنٹے سے زائد قیام کرنے والے مہمانوں کی اطلاع دینا بھی ضروری


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)معاون برائے داخلہ حکومت بلوچستان بابر یوسفزئی نے کہا ہے کہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال کو مزید مثر بنانے کے لیے کرایہ داروں کی رجسٹریشن کو لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بغیر قومی شناختی کارڈ کے کسی بھی فرد کو کرایہ پر رہائش فراہم نہیں کی جا سکے گی۔ بلوچستان ریسٹرکشن آف رینٹڈ بلڈنگز (سیکیورٹی) ایکٹ کے تحت تمام مکان مالکان پر لازم ہے کہ وہ اپنے کرایہ داروں کا شناختی کارڈ چیک کریں اور قریبی تھانے میں ان کا مکمل ریکارڈ درج کروائیں۔بابر یوسفزئی نے مزید بتایا کہ 24 گھنٹے سے زائد قیام کرنے والے مہمانوں کے حوالے سے بھی متعلقہ تھانے کو پیشگی اطلاع دینا ضروری ہوگا۔ ہاسٹلز، ہوٹلز اور دیگر کرایہ کی رہائش گاہوں کے منتظمین بھی مکمل ریکارڈ رکھنے کے پابند ہوں گے تاکہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری نشاندہی ہو سکے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ احکامات کی خلاف ورزی پر سخت قانونی کارروائی، مقدمہ کا اندراج اور پراپرٹی سیل کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے علاقے اور صوبے کو محفوظ بنانے کے لیے کرایہ داروں اور مہمانوں کی رجسٹریشن کو یقینی بنائیں۔

WhatsApp
Get Alert